حیدرآباد: آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں بھارت کی شاندار کارکردگی کی وجہ سے اسے ٹائٹل کے لیے فیورٹ سمجھا جا رہا ہے۔ بھارتی ٹیم ورلڈ کپ کے لیگ مرحلے میں ناقابل شکست رہی ہے اور اب سیمی فائنل میں اس کا میچ نیوزی لینڈ سے ہے۔ ای ٹی وی بھارت سے خصوصی بات چیت کے دوران سابق کرکٹر سنیل والسن، جو 1983 کے ورلڈ کپ جیتنے والی ہندوستانی ٹیم کا حصہ تھے، نے کہا کہ موجودہ بھارتی ٹیم 1970 کی دہائی کی لیجنڈری ویسٹ انڈیز ٹیم سے بھی بہتر ہے۔
جب والسن سے اس باوقار ٹورنامنٹ میں بھارتی ٹیم کی اب تک کی کارکردگی کے بارے میں سوال کیا گیا تو انھوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ کیا کسی کو بھارت کے بارے میں کچھ کہنے کی ضرورت ہے؟ ان کی کارکردگی زبردست رہی ہے۔ والسن کے مطابق روہت شرما کی قیادت میں بھارتی ٹیم کا غلبہ 1975 اور 1979 کے ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کی یاد دلاتی ہے جس کی قیادت عظیم کرکٹر سر کلائیو لائیڈ کر رہے تھے۔
والسن نے کہا کہ جو چیز بھارت کو دوسری ٹیموں سے مختلف کرتی ہے، وہ ان کی تیز کھیلنے کی صلاحیت ہے۔ موجودہ بھارتی ٹیم نے کسی بھی ٹیم کو اپنے قریب آنے نہیں دیا اور لیگ مرحلے میں کوئی ٹیم بھارت کو چیلنج نہیں کر پائی۔ بھارتی اوپنر شبھمن گل کے بارے میں بات کرتے ہوئے والسن نے کہا کہ بھارتی اوپنر کے ڈینگی کی زد میں آنے کے بعد ان کی کارکردگی کو لے کر ہر بھارتی کے ذہن میں خوف اور شک تھا لیکن ان کی واپسی کے بعد شاندار کارکردگی غیر معمولی رہی ہے۔
سابق کرکٹر نے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کی چوٹ کی وجہ سے غیر موجودگی کے بارے میں ابتدائی خدشات پر بھی تبادلہ خیال کیا، لیکن تیز گیند باز محمد شامی کی تعریف کی۔ والسن نے کہا کہ ہاردک پانڈیا کی چوٹ ایک بڑی تشویش تھی، لیکن ہمارے گیند بازوں نے جس طرح آگے بڑھ کر ذمہ داری لی وہ دیکھنے کے لائق ہے۔ نیوزی لینڈ کے نوجوان راچن رویندرا کی غیر معمولی کارکردگی پر والسن نے انہیں ٹورنامنٹ کی تلاش قرار دے دیا۔ انہوں نے بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں میں راچن رویندرا کی مہارت کی تعریف کی اور دبئی میں ہونے والی آئندہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی نیلامی میں ان کے لیے بڑی رقم کی پیش گوئی کی۔
والسن نے اسٹار بلے باز اور سابق کپتان ویراٹ کوہلی کے ممکنہ چھٹے باؤلنگ آپشن پر بھی مزاحیہ تبصرہ کیا۔ نیدرلینڈ کے خلاف آخری لیگ میچ میں ویراٹ کوہلی کی باؤلنگ کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ کوہلی اور روہت شرما دونوں ضرورت پڑنے پر چند اوورز کرا سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
- ورلڈ کپ 2023 جیتنے کے لیے ٹیم انڈیا فیورٹ: محمد اظہر الدین
- بھارت کی خطرناک باؤلنگ اٹیک سے ہر ٹیم دہشت زدہ ہے: سابق کرکٹر راجیش چوہان
بھارت کے تیسرے ون ڈے ورلڈ کپ جیت کے منتظر والسن نے یقین ظاہر کیا کہ بھارتی ٹیم کے فارم کو دیکھتے ہوئے ہم 19 نومبر کو فائنل کے مقام احمد آباد میں بھارت کو ٹرافی اٹھاتے ہوئے دیکھیں گے۔ جب والسن سے آئی سی سی ٹورنامنٹس کے ناک آؤٹ مرحلے میں بھارت کی کارکردگی کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے ٹیم کی موجودہ فارم پر توجہ مرکوز کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے ماضی کی ناکامیوں کے اثرات کو مسترد کیا۔ والسن نے کہا، 'ہمیں حال کے بارے میں سوچنے کی ضرورت ہے۔ فی الحال بھارت ٹورنامنٹ کا مضبوط دعویدار ہے۔
نیدرلینڈ اور افغانستان کی شاندار کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے والسن نے نوجوان ٹیلنٹ اور کچھ بڑی ٹیموں کو شکست دینے کی صلاحیت کی تعریف کی۔ انہوں نے پیش گوئی کی کہ یہ ٹیمیں مستقبل کے ٹورنامنٹس میں سخت حریف ثابت ہوں گی۔ والسن نے ورلڈ کپ کے فاتح کی پیشین گوئی کرنے سے انکار کردیا اور کہا کہ تمام بھارتی دل سے یہی چاہتے ہیں کہ ٹیم انڈیا عالمی چمپیئن بنے۔