پاکستانی بلے باز فواد عالم اور فاسٹ بالر شاہین آفریدی نے کنگسٹن میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے دوران اپنی شاندار کارکردگی کے بعد آئی سی سی کی جانب سے بدھ کو جاری مردوں کی ٹیسٹ رینکنگ میں لمبی چھلانگ لگائی ہے۔ دونوں اپنے کیریئر کے بہترین مقام پر پہنچ گئے ہیں۔
فواد عالم جہاں پہلی اننگز میں 124 رنز کی بدولت 34 درجے چھلانگ لگا کر بلے بازوں کی فہرست میں 21 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں وہیں شاہین میچ میں اپنی 10 وکٹیں حاصل کرنے کی کارکردگی بدولت 10 درجے ترقی کے ساتھ آٹھویں نمبر پر آگئے ہیں۔
عالم اور شاہین کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو 109 سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے ختم کی۔
پچھلے سال اگست میں ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کے بعد سے چار سنچریاں بنانے والے فواد عالم رواں سال مئی میں 47ویں نمبر پر جبکہ شاہین اس ٹیسٹ سے پہلے 18ویں نمبر پر تھے، جو ان کے کیریئر کی بہترین رینکنگ تھی۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت ڈبلیو ٹی سی پوائنٹ ٹیبل میں سرفہرست
آئی سی سی کے مطابق پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور بلے باز محمد رضوان کو بھی رینکنگ میں فائدہ ہوا ہے۔ بابر جہاں دونوں اننگز میں 75 اور 33 رنز کی بدولت ایک مقام کے فائدے سے بیٹنگ رینکنگ میں ساتویں نمبر پر ہیں جبکہ رضوان 31 اور 10 کی ناٹ آؤٹ اننگز کے ساتھ ٹاپ 20 میں واپس آگئے ہیں۔ دریں اثنا، بائیں ہاتھ کے اسپنر نعمان علی دوسری اننگز میں تین وکٹوں کے ساتھ 48 ویں سے 44 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے اسٹار آل راؤنڈر جیسن ہولڈر کو بھی رینکنگ میں فائدہ ہوا ہے۔ وہ دونوں اننگز میں بالترتیب 26 اور 47 رنز بنانے کی بدولت وہ چھ مقام کے فائدے سے بیٹنگ رینکنگ میں 37 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
وہیں سیریز میں 11 وکٹیں لینے والے ونڈیز کے تیز گیند باز جیڈن سیلز نے چار درجے ترقی کر کے 54 ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔