انگلینڈ کی ٹیم بھارت کا دو ماہ طویل دورہ کررہی ہے، جہاں وہ چننئی کے ایم چدمبرم اسٹیڈیم میں پہلا ٹیسٹ جیتنے کے بعد اب دوسرا ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے۔ بھارت نے میچ کی شروعات میں ٹاس جیت کر بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا اور اس نے پہلی اننگ میں 329 کا مناسب اسکور کھڑا کیا، بھارتی بلے باز روہت شرما نے کل ہی سنچری بنائی تھی جب کہ آج رشبھ پنت نے اچھا کھیلتے ہوئے ہاف سنچری اسکور کی اور 58 رنز بنائے۔ جب کہ راہانے نے بھی کل 67 رنز بنائے تھے۔
روہت شرما نے اپنی سنچری کے ذریعہ کپتان وراٹ کوہلی کے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کے فیصلے کو صحیح ثابت کرتے ہوئے ٹیم کو ابتدائی بحران سے نکالا۔ روہت نے 231 گیندوں میں 161 رنز کی عمدہ اننگ کھیلی۔ انہوں نے18 چوکے اور دو چھکے لگائے۔ اس طرح یہ روہت کی انگلینڈ کے خلاف پہلی اور کریئر کی ساتویں سنچری تھی۔
قبل ازیں دن کی شروعات میں بھارتی کپتان وراٹ کوہلی نے ٹاس جیت کر بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا لیکن انگلش گیند بازوں نے اس فیصلے کو غلط ثابت کرتے ہوئے بھارت کو ابتدائی جھٹکوں سے دوچار کر دیا اور 85 پر ہی اس کے اہم بلے باز آؤٹ ہوچکے تھے۔
گزشتہ میچ میں نصف سنچری بنانے والے نوجوان بلے باز شبھمن گِل اس میچ میں ناکام ہوئے اور کھاتہ کھولے بغیر دوسرے اوور میں ہی پویلین لوٹ گئے۔ انہیں اولی اسٹون نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد بھروسے مند بلے باز چیتیشور پجارا کریز پر آئے اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔ روہت اور پجارا نے دوسرے وکٹ کے لیے 85 رنوں کی پارٹنرشپ کی۔ خطرناک ہوتی جارہی اس جوڑی کو جیک لیچ نے پجارا کو آؤٹ کر کے توڑا۔ پجارا نے 58 گیندوں میں 21 رنز بنائے۔
پجارا کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان وراٹ کوہلی میدان میں آئے لیکن معین علی نے انہیں صفر پر آؤٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی اور بھارت ک اسکور 86 رنوں پر 3 وکٹ ہوگیا۔ اس کے بعد روہت شرما نے اجنکیا رہانے کے ساتھ چوتھے وکٹ کے لیے 310 گیندوں میں 162 رنز کی پارٹنرشپ کر کے ٹیم کو بحران سے نکالا۔ روہت شرما ٹیسٹ اپنی پہلی ٹیسٹ ڈبل سنچری کی جانب بڑھ رہے تھے لیکن بڑا شاٹ کھیلنے کے چکر میں جیک لیچ کی گیند پر باؤنڈری پر معین علی کو کیچ تھما بیٹھے۔ انہوں نے 231 گیندوں میں 161 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ اجنکیا رہانے نے اپنے خراب فارم کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی۔ رہانے نے 149 گیندوں میں 9 چوکوں کی مدد سے 67 رنز بنائے۔
پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک بھارت کا اسکور 6 وکٹ پر 300 رنز تھا اور رشبھ پنت 33 رنز اور اکشر پٹیل 5 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔ بھارتی ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد انگلینڈ نے اپنی اننگ کا آغاز کردیا ہے اور اس کا افتتاحی بلے باز رواری برنس ایشانت شرما کی بال پر پہلے ہی اوور مین آؤٹ ہوگیا۔ تازہ خبر کے مطابق انگلینڈ نے 29 رنز پر اپنے 3 وکٹ کھودیے ہیں۔