برمنگھم: انگلینڈ نے اسٹیورٹ براڈ (68/3) اور اولی رابنسن (3/55) کی شاندار گیند بازی کی بدولت آسٹریلیا کو پہلے ایشز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں اتوار کو 386 رنز پر آل آؤٹ کر دیا۔ پہلی اننگز میں 393/8 رنز بنانے والے انگلینڈ نے بھی اس کے ساتھ سات رنز کی برتری حاصل کر لی۔ وہیں انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگ میں دو وکٹ پر 28 رنز بنا لیے ہیں اور اس کے پاس کل برتری 35 رنز کی ہو گئی ہے۔ انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ اور اولی پوپ بیٹنگ کر رہے ہیں۔ اس سے قبل اوپنرز جیک کراؤلی اور بین ڈکٹ آؤٹ ہو چکے ہیں۔ جیک کرولی 25 گیندوں پر 7 رنز بنانے کے بعد اسکاٹ بولانڈ کا شکار بنے جب کہ 28 گیندوں پر 19 رنز بنانے والے بلے باز بین ڈکٹ کو آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے آؤٹ کیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ نے سب سے زیادہ 141 رنز بنائے۔ انہوں نے اپنی 321 گیندوں کی اننگز میں 14 چوکے اور تین چھکے لگائے۔ اس کے علاوہ ایلکس کیری نے 66 رنز بنائے جبکہ ٹریوس ہیڈ نے 50 رنز بنائے۔ کیمرون گرین اور پیٹ کمنز نے 38-38 رنز بنائے۔ آسٹریلیا نے دن کا آغاز 311/5 کے اسکور سے کیا۔ خواجہ نے معین علی کی گیند پر چھکا لگا کر اپنے ہاتھ کھولے۔ کیری نے جیمز اینڈرسن کی گیند پر بھی دو چوکے لگائے لیکن وہ تیسری گیند پر بولڈ ہوگئے۔ چھ وکٹیں گرنے کے باوجود اوپنر خواجہ اچھے لے میں نظر آرہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: Bangladesh Beat Afghanistan بنگلہ دیش نے ٹیسٹ کرکٹ کی تیسری سب سے بڑی جیت درج کی
آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے کپتان کمنز نے پچ پر ان کا ساتھ دیا۔ دونوں بلے بازوں نے ساتویں وکٹ کے لیے 44 رنز کی شراکت داری کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 350 رنز تک پہنچایا۔ یہ جوڑی آسٹریلیا کو برتری دلا سکتی تھی لیکن کپتان بین اسٹوکس نے خواجہ کی قیمتی وکٹ حاصل کرنے کے لئے عجیب وغریب فیلڈ سجائی۔ انہوں نے چھ فیلڈرز کو کورز ایریا کے 30 گز کے اندر لے آئے۔ خواجہ نے آگے بڑھ کر رابنسن کی گیند کو فیلڈرز کے اوپر کھیلنے کی کوشش کی لیکن اس کوشش میں وہ بولڈ ہو گئے۔ خواجہ کا وکٹ گرنے کے بعد انگلینڈ نے صرف 14 رنز کے اندر آخری تین بلے بازوں کو پویلین بھیج دیا۔ رابنسن نے کمنز اور نیتھن لیون کی وکٹیں حاصل کیں جبکہ براڈ نے اسکاٹ بولانڈ کو آؤٹ کیا۔
یو این آئی