بھارت کی انگلینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ جیتنے کی امیدوں کی راہ میں بارش نے خلل ڈال دیا اور بارش کی وجہ سے پانچویں دن کا کھیل بالکل بھی نہیں ہو پایا جس کی وجہ سے میچ ڈرا ہو گیا۔
بھارتی تیز گیندباز جسپریت بمراہ (64 رن پرپانچ وکٹ) کی شاندار گیندبازی کے باوجود انگلینڈ نے اپنے کپتان جو روٹ (109) کی شاندار سنچری کی مدد سے بھارت کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز ہفتہ کو اپنی دوسری اننگز میں 303 رنز بناکر بھارت کے سامنے جیت کے لیے 209 رنز کا ہدف رکھا تھا۔
اس ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بھارت نے اوپنر لوکیش راہل کا وکٹ گنوا کر 14 اوورز میں 52 رنز بنالیے تھے۔ راہل 38 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 26 رنز بناکر اسٹورٹ براڈ کی گیند پر وکٹ کیپر جوس بٹلر کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔
چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے پر روہت شرما اور چیتیشور پجارا 12-12 رنز بنانے کے بعد کریز پر موجود تھے۔ بھارت کو میچ جیتنے اور سیریز میں برتری حاصل کرنے کے لیے 157 رنز درکار تھی لیکن آخری دن پہلے دو گھنٹوں میں کوئی کھیل ممکن نہیں ہو پایا۔
یہ بھی پڑھیں: Tokyo Olympics: تاریخ کے سب سے چیلنجنگ اولمپک کھیلوں کی کامیاب تکمیل
پہلے سیشن کے بعد بھی کھیل کا کوئی امکان نظر نہیں آیا اور امپائروں نے موسم کی حالت دیکھنے کے بعد میچ کو ڈرا پر ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ دونوں ٹیموں کا اسکور اس طرح رہا۔ انگلینڈ پہلی اننگ: 183 اور دوسری اننگ 303 بھارت پہلی اننگ 278 اور دوسری اننگ میں 52/1 بنایا۔
(یو این آئی)