سڈنی: آسٹریلیائی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے جمعرات کو کہا کہ اگر سلیکٹرز انہیں ٹیسٹ ٹیم سے باہر کردیتے ہیں تو وہ 2024 تک محدود اوورز کی کرکٹ کھیلنا جاری رکھیں گے۔ وارنر نے بھارت سے واپسی کے بعد یہاں نامہ نگاروں سے کہا، ''میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ میں 2024 تک کھیلنے والا ہوں۔ اگر سلیکٹرز کو لگتا ہے کہ میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کے لیے فٹ نہیں ہوں تو ٹھیک ہے۔ میں محدود اوورز کی کرکٹ میں محنت کر سکتا ہوں۔ خیال ر ہے کہ کہنی میں ہیئر لائن فریکچر کی وجہ سے وارنر کو بارڈر-گاوسکر ٹرافی کے دوسرے ٹیسٹ کے بعد ہی گھر لوٹنا پڑا۔ وارنر یہاں تین اننگز میں بالترتیب ایک، 10 اور 15 رن ہی بنا سکے۔ دہلی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں وارنر چوٹ کی وجہ سے بیٹنگ نہیں کر سکے اور آسٹریلیائی ٹیم نے ان کی جگہ ٹریوس ہیڈ سے اوپننگ کرائی۔ بھارت میں مایوس کن کارکردگی کے باوجود وارنر انگلینڈ میں جون میں شروع ہونے والی ایشز ٹیسٹ سیریز میں کھیلنے کے لیے پر امید ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: Warner Ruled Out Remaining Tests آسٹریلیا کو بڑا دھچکا، تجربہ کار کھلاڑی ٹیسٹ سیریز سے باہر
وارنر نے کہا کہ میرے پاس اگلے 12 مہینے ہیں۔ ٹیم کے سامنے کافی کرکٹ ہے۔ اگر میں رن بناتا رہوں گا اور اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کروں تو یہ ٹیم کے لیے اچھا ہوگا۔ جب آپ 36 یا 37 سال کے ہوتے ہیں تو آپ کو (ناقدین کے لیے) نشانہ بنانا آسان ہوتا ہے۔ میں نے پرانے کھلاڑیوں کے ساتھ بھی ایسا ہوتا دیکھا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ وارنر کھیل کے سب سے طویل فارمیٹ میں اپنی لے تلاش کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں اور پچھلے تین برسوں میں صرف ایک سنچری اسکور کر سکے ہیں۔ بارڈر-گاوسکر ٹرافی سے باہر ہونے کے بعد وارنر 17 مارچ سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز کے لیے ہندوستان واپس آئیں گے۔ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں دہلی کیپٹلز کی نمائندگی کرنے کے بعد ان کے ایشز ٹیسٹ سیریز میں کھیلنے کی امید ہے۔ پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز 'ایشیز' 16 جون سے ایجبسٹن، برمنگھم میں شروع ہوگی۔
یو این آئی