احمد آباد: ورلڈ کپ 2023 کا سب سے بڑا میچ بھارت اور پاکستان کے درمیان احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اس میچ کا نہ صرف بھارت پاکستان بلکہ دنیا بھر کے کرکٹ شائقین بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ دراصل آسٹریلیا کے خلاف بھارت کے پہلے میچ کے آغاز سے عین قبل شبھمن گل کو بخار ہوگیا جس کی وجہ سے انھیں دو میچ سے باہر کردیا گیا۔گل کی جگہ دونوں میچوں میں جھارکھنڈ کے بلے باز ایشان کشن نے روہت شرما کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا۔
لیکن 14 اکتوبر کو کھیلے جانے والے ہائی پروفائل انڈیا بمقابلہ پاکستان میچ سے قبل ٹیم انڈیا کے مداحوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔ کیونکہ شبھمن گل صحت یاب ہونے کے بعد کرکٹ ٹیم کو جوائن کرنے کے لیے احمدآباد ایئرپورٹ پر پہنچ گئے ہیں اور ہوائی اڈے سے شبھمن گل سیدھا ٹیم ہوٹل پہنچے۔ اس کے بعد وہ موٹیرا کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ٹریننگ کرنے بھی پہنچ گئے تاہم اب بھی بہت زیادہ شکوک و شبہات ہیں کہ آیا گل 4 اکتوبر کو روایتی حریف پاکستان کے خلاف میچ کے لیے پلیئنگ الیون میں جگہ بنا سکتے ہیں یا نہیں۔
آسٹریلیا اور افغانستان کے خلاف کھیلے گئے دو میچوں میں گل کی جگہ ایشان کشن کو پلیئنگ 11 میں شامل کیا گیا تھا۔ لیکن اب خیال کیا جا رہا ہے کہ گل پاکستان کے خلاف میچ میں کھیل سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ بدھ کو دہلی میں افغانستان کو شکست دینے کے بعد روہت شرما کی قیادت میں ٹیم انڈیا ہفتہ کو پاکستان کے خلاف کھیلے جانے والے میچ کے لیے جمعرات کو احمد آباد پہنچ چکی ہے۔ تاہم پاکستانی ٹیم بدھ کو ہی احمد آباد پہنچ گئی تھی اور اس نے پہلے ہی پریکٹس شروع کر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: