میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کو رواں سال ماہ اکتوبر میں بھارت میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں حصہ لینے کے لئے ویزا ملے گا۔
بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے جمعہ کے روز منعقدہ ویڈیو کانفرنس کے اجلاس میں کونسل کو بتایا کہ احمدآباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں فائنل میچ کھیلا جائے گا۔
دیگر مقامات، جہاں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے میچز کھیلے جائیں گے ان میں دہلی، ممبئی، چنئی، کولکاتا، بنگلورو، حیدرآباد، دھرم شالا اور لکھنؤ شامل ہیں۔
بورڈ کے ایک اعلیٰ افسر نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بھارتی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ویزے کے معاملے کو حل کرلیا گیا ہے۔ تاہم، شائقین میچ دیکھنے کے لئے سرحد پار آ سکیں گے، ابھی تک یہ واضح نہیں ہے۔
انہوں نے کہا صحیح وقت پر فیصلہ لیا جائے گا کہ دیگر لوازمات کس طرح سے پورے کرنے ہیں۔
دونوں ممالک کے مابین سفارتی تعطل کے سبب بھارت اور پاکستان قریب قریب ایک دہائی سے دو طرفہ کرکٹ نہیں کھیل رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان، آئی سی سی سے یہ مطالبہ کرتا رہا ہے کہ اس کے 16 کھلاڑیوں کو بھارت میں ہونے والے ٹی ٹونٹی میچ میں شرکت کرنے کے لئے ویزا دیا جائے۔