نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز میں بلے سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ اور مین آف دی سیریز کا ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد بھارت کے سلامی بلے باز لوکیش راہل آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین درجہ بندی میں دوسرے مقام پر پہنچ گئے ہیں جبکہ گیند بازی میں جسپریت بمراہ کو بھی 26 پائیدان کا فائدہ ہوا ہے اور اب وہ 11 ویں نمبر پر ہیں۔
سلامی بلے باز لوکیش راہل نے نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹی 20 میچوں میں 244 رنز بنائے تھے اور انہیں سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا تھا۔
لوکیش راہل 823 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، اس کے علاوہ جارحانہ بلے باز روہت شرما 10 کو بھی 3 مقام کا فائدہ ہوا ہے اور اب وہ 10 مقام پر ہیں جبکہ کپتان وراٹ کوہلی 9 ویں مقام پر، شریس ایر 63 مقام کی لمبی چھلانگ کے ساتھ 55 ویں اور منیش پانڈے 12 مقام کے فائدے کے ساتھ 58 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
فی الحال پاکستان کے بلے باز بابر اعظم 879 پوائنٹس کے ساتھ ٹی 20 درجہ بندی میں سرفہرست مقام پر براجمان ہیں، سرفہرست 10 بلے بازوں میں راہل کے علاوہ وراٹ کوہلی بھی ہیں جو 9 ویں مقام پر ہیں۔
گیند بازوں کی درجہ بندی کی بات کریں تو جسپرہت بمراہ 26 مقام کی لمبی چھلانگ کے ساتھ 11 نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ یزویندر چہل 10 مقام کے فائدے کے ساتھ 30 ویں نمبر پر اور نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز میں 8 وکٹیں حاصل کرنے والے شاردل ٹھاکر 34 مقام اوپر اٹھ کے 57 ویں نمبر پہنچ گئے ہیں۔
گیند بازوں کی درجہ بندی میں افغانستان کے اسپنر راشد خان پہلے جبکہ ان کے ہم وطن مجیب الرحمن دوسرے نمبر پر ہیں۔
اس کے علاوہ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے سیریز مین 160 رنز بنائے اور وہ 23 ویں نمبر سے 16 ویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ ٹیم سائیفرٹ 74 ویں نمبر سے 34 ویں نمبر پر اور راس ٹیلر 50 ویں نمبر سے 39 نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔