چھوٹے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے انگلینڈ کی اننگ بہت ہی سست رہی اور اس کے بلے باز رنز بنانے کے لیے جدوجہد کرتے ہوئے نظر آئے۔
سری لنکا کی جانب سے دئے گئے 232 رنز کے ہدف کو انگلینڈ ٹیم حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 212 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
انگلینڈ کی جانب بین اسٹوکس نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 82 رنز جبکہ جو روٹ نے 57 رنز بنائے۔
روٹ کی اننگ انتہائی سست رہی اور انہوں نے 89 گیندوں کا سہارا لیا جس میں محض 3 چوکے شامل تھے، اس کے علاوہ کوئی بھی بلے باز قابل ذکر اسکور نہیں بنا سکا۔
سری لنکا کی جانب سے لستھ ملنگا نے بہتری گیندبازی کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ دھننجے ڈی سلوا نے 3، اسورو ادانا نے 2 اور نوان پردیپ نے ایک بلے باز کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اس سے قبل سابق عالمی چیمپیئن سری لنکائی ٹیم میزبان انگلینڈ کے خلاف مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 232 ہی بنا سکی۔
سری لنکا نے ٹاس جیت کر بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا لیکن اس کے بلے بازوں نے مایوس کن کارکردگی کا مظاہر کیا اور کریز پر نہیں ٹک سکے۔
سری لنکا نے اپنے شروعاتی دو وکٹ محض تین رنز پر ہی گنوا دئے تھے اس کے اوشکا فرنانڈو اور کوشل مینڈس نے ٹیم کو سنبھالا لیکن بد قسمتی سے فرنانڈو 49 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد کوش مینڈس اور انجیلو میتھوز نے محاذ سنبھالا اور لیکن ان کے رن بنانے کی رفتار انتہائی سست رہی۔
مینڈس نے 46 رنز بنائے اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی کریز پر نہیں ٹک سکا اور وقفے وقفے سے وکٹ گرتے رہے لیکن میتھوز نے ایک سرے سے محاذ سنبھالے رکھا اور ناٹ آؤٹ 85 رنز بنائے، انہوں نے اپنی اننگ میں 115 گیندیں کھیلی جس میں 5 چوکے اور ایک چھکہ لگایا۔
انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر اور مارک ووڈ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ عادل رشید نے دو اور کرس ووکس نے ایک بلے باز کو پویلین کی راہ دکھائی۔