ملک کے اعلی ترین کھیل رتن ایوارڈ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب چار کھلاڑی مشترکہ طور پر کھیل رتن ایوارڈ کے لیے منتخب ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ ایوارڈ کی تاریخ میں کھیل رتن ایوارڈ پانے والے روہت شرما چوتھے بھارتی کرکٹر ہوں گے، اس سے قبل سچن تیندولکر، ایم ایس دھونی، وراٹ کوہلی کو اس ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
یہ ایوارڈ کسی کھلاڑی کو بین الاقوامی سطح پر پچھلے چار سال میں کیے گئے کارکردگی کی بنیاد پر دیا جاتا ہے۔ توصیفی سند، شال کے علاوہ ساڑھے سات لاکھ روپے نقد دی جاتی ہے۔
وزارت کھیل کی 12 رکنی ایوارڈ کمیٹی نے کھیل رتن کے لئے چار ناموں کی سفارش کی ہے جس پر حتمی فیصلہ مرکزی وزیر کھیل کرن رجیجو نے کرنا ہے۔ کمیٹی میں سابق ہندستانی کرکٹر وریندر سہواگ اور سابق ہاکی کپتان سردار سنگھ شامل ہیں ۔ کمیٹی نے سائی کے صدر دفتر میں ایک اجلاس منعقد کیا اور ان چاروں ناموں کی سفارش کی۔
نیشنل اسپورٹس ایوارڈز کے ضوابط میں کھیل رتن کا یہ اصول ہے کہ ایک اولمپک سال میں ایک سے زیادہ کھلاڑیوں کو کھیل رتن سے نوازا جاسکتا ہے جبکہ غیر اولمپک سالوں میں ایک کھیل کے لئے کھیل رتن دیا جانا چاہئے۔ لیکن پچھلے کچھ سالوں سے یہ روایت ہے کہ ایک سے زیادہ کھلاڑیوں کو کھیل رتن دیا جارہا ہے۔
تاہم یہ دوسرا موقع ہے جب کھیل رتن کے لئے چار کھلاڑیوں کے ناموں کی سفارش کی گئی ہے۔ اس سے قبل 2016 کے ریو اولمپکس کے بعد سلور میڈلسٹ پی وی سندھو ، کانسی کا تمغہ جیتنے والی ساکشی ملک ، چوتھی پوزیشن کی جمناسٹ دیپا کرماکر اور شوٹر جیتو رائے کو کھیل رتن سے نوازا گیا تھا۔ محدود اوورز کے ہندوستانی کرکٹ کے نائب کپتان روہت نے گذشتہ سال انگلینڈ میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ میں پانچ سنچریاں بنانے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا حالانکہ وہ سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوگئے تھے۔ اگر انہیں کھیل رتن کے لئے منتخب کیا جاتا ہے تو وہ سچن تندولکر ، مہندر سنگھ دھونی اور وراٹ کوہلی کے بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والے چوتھے کرکٹر ہوں گے۔
ونیش نے 2018 میں منعقدہ دولت مشترکہ اور ایشین گیمز میں طلائی تمغے حاصل کیے تھے۔ ونیش نے پچھلے سال ورلڈ چمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا اور ملک کو ٹوکیو اولمپکس کے لئے کوٹہ دلایا تھا۔
منیکا بترا نے 2018 دولت مشترکہ کھیلوں میں خواتین کے انفرادی اور ٹیم گولڈ سمیت کل چار تمغے جیتے۔ انہوں نے 2018 جکارتہ ایشین گیمز میں مکسڈ ڈبلز میں کانسے کا تمغہ جیتا۔
پیرا ہائی جمپر تھانگایلو نے 2016 کے ریو پیرا اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔ انہوں نے گذشتہ سال ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس چمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔ انہیں 2017 میں ارجن ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔
اسٹار جیویلین تھروورنیرج چوپڑا ، رنر ہما داس ، بیڈمنٹن کھلاڑی کندامبی سری کانت اور شوٹر اپوروی چنڈیلا بھی کھیل رتن ریس میں شامل تھے لیکن آخر میں باہر ہوگئے۔