روی اشون چنئی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں سنچری بنانے والے تمل ناڈو کے دوسرے بلے باز بن گئے ہیں، اس سے قبل سنہ 1986 میں کرشنما چاری سری کانت نے پاکستان کے خلاف 123 رنز کی اننگ کھیلی تھی۔
اشون کی یہ 5 ویں سنچری تھی، اس سے پہلے انہوں نے باقی چار سنچریز ویسٹ انڈیز کے خلاف بنائی تھیں۔
اس کے علاوہ اشون کے نام مزید ایک ریکارڈ درج ہوا ہے۔ اشون نے تیسری بار ایک ٹیسٹ میچ میں 5 وکٹ اور سنچری بنائی ہے جبکہ اس فہرست میں انگلینڈ کے سابق کپتان ایان باتھم نے پانچ مرتبہ ایک ٹیسٹ میچ میں 5 یا اس سے زیادہ وکٹ اور سنچری بنائی ہے۔
واضح رہے کہ دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگ میں اشون نے انگلینڈ کے پانچ بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔
ایک ٹیسٹ میچ میں 5 وکٹ اور سنچری بنانے والے کھلاڑی
- ایان باتھم ۔ 5 مرتبہ
- روی چندرن اشون ۔ 3 مرتبہ
- گیری سوبرس ۔ 2 مرتبہ
- مشتاق احمد ۔ 2 مرتبہ
- جیکس کیلس ۔ 2 مرتبہ
- شکیب الحسن ۔ 2 مرتبہ