بنگال اور کرناٹک نے رنجی ٹرافی گروپ اے اور بی مقابلوں کے تیسرے ہی دن جمعہ کو فتح حاصل کر کے ناک آؤٹ راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔ بنگال نے پٹیالہ میں پنجاب کو 48 رنز سے شکست دی جبکہ کرناٹک نے بنگلور میں بڑودہ کو آٹھ وکٹ سے شکست دی۔
بنگال نے پنجاب کو شکست دے کر چھ پوائنٹس حاصل کئے۔ بنگال کی ٹیم پہلی اننگز میں 138 رنز پر لڑھک گئی تھی جبکہ پنجاب نے 151 رنز بنا کر برتری حاصل کی تھی۔
بنگال نے دوسری اننگز میں ارنب نندی (51) اور منوج تیواری (65) کی نصف سنچریوں سے 202 رنز بنائے۔
ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پنجاب کی ٹیم رمندیپ سنگھ کے ناٹ آؤٹ 69 رنز کے باوجود 141 رنز پر سمٹ گئی۔
بنگال کے آٹھ میچوں میں چوتھی فتح کے بعد 32 پوائنٹس ہو گئے ہیں اور وہ اس گروپ کی ٹیبل میں سب سے اوپر ہے۔
بنگال کی جانب سے فاسٹ بالر شہبازاحمد نے پہلی اننگز میں سات اور دوسری اننگز میں چار وکٹیں حاصل کئے ۔ منوج تیواری کو مین آف دی میچ کاایوارڈ دیاگیا
دوسری طرف کرناٹک نے بنگلور کے ایم چنا سوامی اسٹیڈیم میں بڑودہ کو آٹھ وکٹ سے شکست دے کر چھ پوائنٹس حاصل کئے۔
بڑودہ کی ٹیم پہلی اننگز میں 85 رنز پر لڑھک گئی جبکہ کرناٹک نے پہلی اننگز میں 233 رنز بنائے۔ بڑودہ نے دوسری اننگز میں 296 رنز بنائے اور کرناٹک نے دو وکٹ پر 150 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔
کپتان كر ونا نائر نے ناٹ آؤٹ 71 رنز بنائے۔ کرناٹک کی آٹھ میچوں میں یہ چوتھی جیت ہے اور وہ 31 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل میں دوسرے نمبر پر ہے۔
چنڈی گڑھ بھی اننگز سے جیتا: چنڈی گڑھ نے منی پور کو کولکتہ میں اننگز اور 405 رن کے بڑے فرق سے شکست دے کر بونس سمیت سات پوائنٹس حاصل کئے۔
چنڈی گڑھ نے اپنی پہلی اننگز آٹھ وکٹ پر 672 رن پر اعلان کی۔ ویپول شرما نے 200 اور گرندر سنگھ نے ناٹ آؤٹ 200 رنز بنائے۔ منی پور اس کے جواب میں 63 اور 204 رن ہی بنا سکی۔
جگجیت سنگھ نے دوسری اننگز میں 52 رنز پر سات وکٹ لئے۔ چنڈی گڑھ کی نو میچوں میں یہ چوتھی جیت ہے اور وہ 43 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر ہے۔
میگھالیہ نے اروناچل کو اننگز سے شکست دی: میگھالیہ نے پلیٹ گروپ میں اروناچل پردیش کو اننگز اور 248 رنز سے ہرا دیا۔ میگھالیہ نے اپنی پہلی اننگز نو وکٹ پر 576 رن پر ڈکلئیر کی۔
پنیت بشٹ نے 250 رنز بنائے۔ اروناچل کی ٹیم 222 اور 106 رن پر سمٹ گئی۔ میگھالیہ کو بونس سمیت سات پوائنٹس ملے۔ میگھالیہ کی نو میچوں میں یہ پانچویں جیت تھی اور وہ 34 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہا۔