آف اسپنر روی چندرن اشون نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں 32 وکٹ لے کر بھلے ہی زبردست کاکردگی مظاہرہ کیا ہو لیکن وہ چھوٹے فارمیٹ کی کرکٹ میں فی الحال واپسی نہیں کرپائیں گے۔
انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ سے قبل پریس کانفرنس میں جب وراٹ کوہلی سے اشون کی چھوٹے فارمیٹ میں واپسی کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ 'واشنگٹن سندر ہمارے لیے اچھا کررہے ہیں اور ہم ایک ٹیم میں ایک ہی طرح کے دو کھلاڑی نہیں رکھ سکتے۔
واضح رہے کہ واشنگٹن سُندر پارٹ ٹائم آف اسپنر ہیں اور بلے سے بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں جبکہ اشون چھوٹے فارمیٹ(ٹی 20 انٹرنیشنل) میں آخری بار جولائی 2017 میں کھیلے تھے۔ اس کے بعد سے ٹیم نے یزویندر چہل اور کلدیپ یادو پر بھروسہ کیا۔
اشون اگرچہ آئی پی ایل میں مسلسل کھیل رہے ہیں اور آئی پی ایل 2012 میں وہ کنگز الیون پنجاب(پنجاب کنگز) ٹیم کے کپتان بھی تھے جبکہ گزشتہ سیزن میں وہ دہلی کیپیٹلز ٹیم کی جانب سے کھیلے تھے۔
دراصل بھارتی ٹیم منیجمنٹ چھوٹے فارمیٹ خاص طور پر ٹی 20 میں ایسے کھلاڑیوں پر بھروسہ کررہا ہے جو بلے بازی کے ساتھ ساتھ پارٹ ٹائم اسپن گیند بازی بھی کرسکتے ہوں۔