گزشتہ روز لستھ ملنگا نے اعلان کیا تھا کہ وہ بنگلہ دیش کے خلاف پہلے یک روزہ میچ کے بعد یک روزہ بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوش ہو جائیں گے، انہوں نے اپنے آخری بین الاقوامی یک روزہ میچ کو یادگار بناتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں اور بھارت کے عظیم اسپنر انیل کمبلے کا ریکارڈ توڑا۔
لستھ ملنگا نے 9.4 اوورز میں 38 رنز کے عوض 3 بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی، اسی کے ساتھ ہی انہوں نے یک روزہ انٹرنیشنل میں وکٹوں کے معاملے میں انیل کمبلے کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، کمبلے نے 271 یک روزہ میچوں میں 337 وکٹیں لی ہیں جبکہ ملنگا نے 226 یک روزہ میچوں میں 338 وکٹیں لی اور کملبے کو پیچھے چھوڑ دیا۔
یارکرکنگ ملنگا سب سے زیادہ وکٹوں کے معاملے میں سری لنکا کے تیسرے اور دنیا کے نویں گیند باز بن گئے ہیں، انہوں نے حال ہی میں ختم ہونے والے عالمی کپ میں بہترین گیند بازی کا مظاہرہ کیا تھا اور سات میچوں میں 13 وکٹیں حاصل کی تھیں۔