آسٹریلیائی دورے سے کوہلی کے ٹیم سے رخصت ہونے کے بعد لوکیش راہل بھارتی ٹیم میں مڈل آرڈر میں جگہ حاصل کرسکتے ہیں۔
کوہلی کی اہلیہ اور اداکارہ انُشکا شرما متوقع طور پر جنوری میں ماں بننے والی ہیں۔ اگرچہ ابھی تک کوہلی کے منصوبے کے متعلق باضابطہ طور پر کچھ بتایا نہیں گیا ہے لیکن بی سی سی آئی کے ایک ذرائع نے بتایا کہ توقع ہے کہ کوہلی 17 دسمبر سے شروع ہونے والی سیریز کے پہلے دو ٹیسٹ کھیلیں گے جبکہ اپنے بچے کی ولادت کے پیش نظر کوہلی چھٹی لے سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق بی سی سی آئی نے ہمیشہ مانا ہے کہ کھلاڑیوں کا کنبہ اولین ترجیح ہے۔ اس معاملے میں اگر کپتان رخصت لینے کا فیصلہ کرتے ہیں تو وہ صرف پہلے دو ٹیسٹ میں دستیاب ہوں گے۔ چار ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز ایڈیلیڈ (ڈے نائٹ، 17 سے 21 دسمبر)، میلبورن (26 تا 30 دسمبر)، سڈنی (7 سے 11 جنوری 2021) اور برسبین (15 سے 19 جنوری) میں منعقد ہوگی۔
بی سی سی آئی نے گزشتہ برسوں میں کرکٹرز کو پدرانہ رخصت لینے کی آزادی دی ہے اور یہ بھارتی کے کپتان اور بہترین بلے باز کے لیے بھی دستیاب ہوگی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ 'وہ عام حالات میں بچے کی پیدائش کے بعد واپس آسکتے تھے اور ایسی صورت میں وہ صرف ایک ٹیسٹ کے لیے ٹیم سے باہر ہوتے تاہم کووڈ 19 کی وجہ سے 14 روزہ قرنطین کے دوران دوبارہ ٹیم میں واپسی مشکل ہوگی۔ ایسی صورتحال میں لوکیش راہل کو مڈل آرڈر میں موقع مل سکتا ہے۔ امکان ہے کہ روہت شرما ٹیسٹ سیریز سے قبل پوری طرح فٹ ہوجائیں۔
ٹیم میں اوپنرز کی حیثیت سے مینک اگروال اور پرتھوی شا موجود ہیں لہذا ٹیم مڈل آرڈر میں کوہلی کی کمی کو محسوس نہیں کرے گی۔ بی سی سی آئی 11 نومبر کو روہت کو بھارتی ٹیم کے ساتھ آسٹریلیا کے دورے پر بھی بھیج سکتا ہے۔
ممبئی انڈینز کے لیے میدان میں اترنے کے بعد روہت کی فٹنس سے متعلق بی سی سی آئی کی امیدیں بڑھ گئیں۔ محدود اوورز میں بھارتی ٹیم کے نائب کپتان 11 نومبر کو باقی ٹیم کے ساتھ آسٹریلیائی پرواز کے لیے چارٹرڈ فلائٹ پر جاسکتے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلے میں جلد ہی فیصلہ کیا جائے گا۔ یہ مناسب ہوگا کہ روہت ٹیم کے ساتھ ہوں اور فزیو نتن پٹیل اور ٹرینر نک ویب کی نگرانی میں اپنی اسٹرینتھ اور کنڈیشنگ پر کام کریں۔ اگر ضرورت ہو تو 27 نومبر سے شروع ہونے والی یک روزہ سیریز کے لیے روہت کو ٹیم سے باہر کیا جاسکتا ہے اور وہ ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز سے واپسی کرسکتے ہیں۔