آئی پی ایل میں آج چینئی سپر کنگز اورممبئی انڈیئنز ایک دوسرے کو چیلینج دیں گی۔
آج کے میچ میں چینئی سپر کنگز کا پلڑا بھاری رہنے کی امید ہے کیوں کہ اس نے اب کھیلے گئے اپنے 11 میچوں میں آٹھ جیت اور تین شکست کے بعد 16 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست مقام پر قابض ہے اور اس کا پلے آف کا دعوی پکا ہو گیا ہے لیکن آج کا میچ جیت کر وہ اپنا دعویٰ مزید مضبوط کرنا چاہے گی۔
دوسری جانب تین بار کی چیمیئن ممبئی انڈیئنز رواں برس کافی اتار چڑھاؤ کا شکار ہے اور اب تک 10 میچوں میں 6 جیت اور 4 ہار کے بعد 12 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے مقام پر ہے اور آج اس کا مقصد میچ جیت کر پلے آف میں داخلے کی جانب مزید پیش رفت کرنا ہوگا۔
ممبئی کے گیندبازوں کے سامنے شین واٹسن نامی چیلینج ہوگا جنہوں نے گزشتہ میچ میں حیدرآباد کے خلاف جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 96 رنز بنائے تھے، اس کے علاوہ ممبئی کو مہیندر سنگھ دھونی سے بھی محتاط رہنا ہوگا۔
گیندبازی کے معاملے میں ہربھجن سنگھ، عمران طاہر، دیپک چہر اور رویندر جڈیجہ اچھی گیند بازی کر رہے ہیں۔
دوسری جانب ممبئی انڈیئنز کے لیے کپتان روہت شرما کا فارم میں لوٹنا بہت ضروری ہے، روہت شرما اب تک اپنا روایتی کھیل پیش کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں، جبکہ علاوہ کوئنٹن ڈی کاک بطور سلامی بلے باز ٹیم کے لیے مسلسل رنز بنا رہے ہیں جبکہ مڈل آرڈر میں ہاردک پانڈیا انتہائی خطرناک بلے بازی کر رہے ہیں اور تقریباً تمام ٹیموں کے گیندبازوں کی لائن اور لینتھ بگاڑ کر رکھ دی ہے ایسے میں چینئی کے گیندبازوں کے سامنے ہاردک پانڈیا کو آؤٹ کرنے کا سخت چیلینج ہوگا۔
اگرچہ ممبئی کی گیند بازی کا شعبہ کافی متوازن ہے لیکن آج ان کے سامنے چینئی جیسی مضبوط ٹیم ہے، ممبئی کے پاس لستھ ملنگا اور جسپریت بمراہ جیسے تجربہ کار گیندباز ہیں جبکہ راہل چہر نے اپنی گیندبازی سے کافی متاثر کیا ہے۔
آج کا میچ چینئی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں رات آٹھ بجے سے کھیلا جائے گا۔