انگلینڈ کو بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں دو ٹیسٹ چنئی میں کھیلنے ہیں اور آئی پی ایل کے 14 ویں سیزن کی نیلامی 18 فروری کو چنئی میں ہونی ہے۔ جو روٹ نے چنئی میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میں 218 رن کی عمدہ اننگز کھیلی لیکن انہوں نے مسلسل دوسری مرتبہ آئی پی ایل نیلامی کے لئے اپنا اندراج نہیں کرایا ہے۔
آسٹریلیا کے بائیں ہاتھ کے تیز گیندباز مچل اسٹارک بھی اس مرتبہ نیلامی میں شامل نہیں ہوئے ہیں۔ اسٹارک نے بھی نیلامی کے لئے اپنا اندراج نہیں کرایا ہے۔ اسٹارک نے آخری بار رائل چیلنجرز بنگلور کے لئے 2015 میں آئی پی ایل میں کھیلا تھا اور 13 میچوں میں 20 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔
دنیا کے ٹاپ آل راؤنڈروں میں سے ایک بنگلہ دیش کے ثاقب الحسن اس مرتبہ نیلامی کا حصہ ہوں گے۔ وہ ایک سال کی پابندی پوری کرنے کے بعد بنگلہ دیش کی ٹیم میں واپس لوٹ چکے ہیں۔
شکیب ان 11 کھلاڑیوں میں شامل ہیں جن کی بیس ویلیو 2 کروڑ روپے ہے۔ اس بیس ویلیو کے دوسرے کھلاڑیوں میں کیدار جادھو ، ہربھجن سنگھ، گلین میکسویل، اسٹیون اسمتھ، سیم بلنگس، لیام پلنکٹ، جیسن رائے، مارک ووڈ اور کولن انگرام شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: جو روٹ 100 ویں ٹیسٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے کرکٹر
عالمی نمبر ایک ٹی 20 بلےباز ڈیوڈ ملان کی بیس قیمت ڈیڑھ کروڑ ہے۔ ملان اب تک آئی پی ایل میں نہیں کھیلے ہیں۔ ملان کو خریدنے کے لئے آئی پی ایل کی نیلامی میں زبردست ہوڑ ہوگی۔
ٹیسٹ بلےباز ہنوما وہاڑی اور مارنس لیبشین کی بیس قیمت ایک کروڑ روپے ہے جبکہ خالص ٹیسٹ بیٹسمین چتیشور پوجارا 50 لاکھ روپے کی بیس قیمت کے ساتھ نیلامی میں داخل ہوں گے۔