آئی پی ایل کا انعقاد 29 مارچ سے ہونا تھا لیکن کورونا وائرس کے پیش نظر 22 مارچ کو ہی لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا گیا جس کی وجہ سے ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے آئی پی ایل کو 15 اپریل تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا تا ہم وزیراعظم نریندر مودی نے گذشتہ روز لاک ڈاؤن کیمیعاد 3 مئی تک کردی۔
لاک ڈاؤن میں توسیع کے اعلان کے بعد بی سی سی آئی نے آئی پی ایل کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔
یہ دوسری بار ہے جب آئی پی ایل کو ملتوی کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے، اس سے پہلے بھارتی حکومت کی جانب سے سفر پر عائد پابندی لگانے اور غیر ملکیوں کے بھارت آنے پر روک کے بعد بی سی سی آئی نے آئی پی ایل کو 15 اپریل تک ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن حالات نہ سدھرنے اور لاک ڈاؤن بڑھنے کی وجہ سے اسے غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا گیا۔
ایسی خبریں تھی کہ بی سی سی آئی آئی پی ایل کو ناظرین کے بغیر چنندہ مقام پر کرا سکتی ہے لیکن مرکزی حکومت کے لاک ڈاؤن بڑھانے کے فیصلے کے بعد فی الحال اس کا امکان بھی ختم ہو گیا ہے۔ اگرچہ بی سی سی آئی نے آئی پی ایل کو منسوخ کرنے پر کوئی فیصلہ نہیں لیا ہے لیکن اب اس کے پاس اسے منعقد کرنے کے لئے بہت کم اختیارات بچے ہیں۔