بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے صدر تھامس باک نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ٹوکیو اولمپکس کو 2021 تک ملتوی کئے جانے سے کمیٹی کو لاکھوں ڈالر کا نقصان ہوگا۔
عالمی وبا کی شکل اختیار کرنے والے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرے کو دیکھتے ہوئے آئی او سی اور ٹوکیو آرگنائزنگ کمیٹی نے اسے 2021 تک ملتوی کیا تھا۔
ٹوکیواولمپکس اگلے سال 23 جولائی سے آٹھ اگست تک منعقد کیا جائے گا جبکہ پیرالمپک کا انعقاد 24 اگست سے پانچ ستمبر2021 تک ہوگا۔
باک کے مطابق 'اولمپکس ملتوی ہونے سے کتنا نقصان ہوگا اس کا اندازہ لگانا فی الحال مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ آئی او سی کو اس سے کئی کروڑ ڈالر کا نقصان برداشت کرنا ہوگا'۔
انہوں نے کہا کہ 'ایسے مشکل دورمیں آپ دنیا بھر سے تعاون اورحمایت کی توقع نہیں کرسکتے۔ آپ سب کو مطمئن نہیں کر سکتے۔ ہمیں صرف اس بات کی حمایت ملی ہے کہ لوگوں کو اس بات کا یقین ہے کہ اولمپکس ہوں گے۔ ہمارے لئے اب بھی ایسے مشکل وقت میں کھلاڑیوں کی حفاظت بہت مشکل ہے اور اس وجہ سے ہم نے اولمپکس کو ملتوی کیا ہے'۔
قابل ذکرہے کہ اولمپکس کواس سے پہلے تین بار منسوخ کیا جا چکا ہے۔ سب سے پہلے 1916 میں برلن میں ہونے والے اولمپکس کوپہلی عالمی جنگ کی وجہ سے منسوخ کیا گیا تھا۔ اس کے بعد 1940 ٹوکیو اور 1944 لندن اولمپکس دوسری عالمی جنگ کی وجہ سے منسوخ کئے گئے تھے۔