بھارت کے سابق کرکٹر گوتم گمبھیر کا خیال ہے کہ کورونا وائرس 'كووڈ -19' وبا کی وجہ سے گیند پر تھوک کے استعمال پر پابندی کے علاوہ کرکٹ میں زیادہ تبدیلی نہیں ہو گی۔
گمبھیر نے 'اسٹار اسپورٹس' کے پروگرام 'کرکٹ کنکٹڈ ' میں کہاکہ مجھے نہیں لگتا کہ لاک ڈاؤن کے بعد کرکٹ کے قوانین میں کافی تبدیلی دیکھنے کو ملیں گی۔ یہ ہو سکتا کہ گیند پر تھوک کے استعمال کا اختیار مل جائے لیکن اس کے علاوہ مجھے نہیں لگتا کہ دوسری کوئی تبدیلی ہوگی ۔
انہوں نے کہاکہ کھلاڑیوں کو ایسے حالات کے ساتھ رہنے کی اب عادت ڈالنی ہو گی ۔ انہیں یہ ماننا ہوگا كہ وائرس ان کے ارد گرد ہے، وہ اس سے متاثر ہو سکتے ہیں لیکن انہیں ایسے حالات کے ساتھ ہی رہنا ہوگا۔
ہندستان کے سابق اوپنر گمبھیر نے کہاکہ کسی بھی کھیل میں سماجی فاصلے اور دیگر قوانین برقرار رکھنا آسان نہیں ہوں گے۔ کرکٹ میں کسی حد تک بھلے ممکن ہو لیکن فٹ بال، ہاکی اور دیگر کھیلوں میں یہ کس طرح ہو گا؟ اس لئے حالات کو جتنا جلدی ممکن ہو تسلیم کرنا ہوگا۔