کھلاڑیوں کی زندگی پر بائیو پک بنانے کا سلسلہ زوروں پر جاری ہے اور اب سابق بھارتی کپتان اور بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر سورو گنگولی کی زندگی پر بائیو پک بن سکتی ہے۔
بالی ووڈ کے مشہور فلمساز کرن جوہر سابق کپتان سوروگنگولی کی زندگی پر فلم بنا سکتے ہیں۔ بالی ووڈ میں کافی وقت سے کھلاڑیوں کی زندگی پر فلمیں بنائی جا رہی ہیں۔ اس وقت خواتین کرکٹ کھلاڑی متالی راج پر بائیو پک بن رہی ہے اور جلد ہی 1983 کی ورلڈ کپ جیت پر فلم ریلیز ہونے جا رہی ہے۔
خبریں ہیں کہ کرن جوہر سابق بھارتی کپتان سورو گنگولی پر بایو پک بنانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ اس کے لئے کرن جوہر نے سوربھ سے کئی بار ملاقات بھی کی ہیں اس دوران گنگولی پر بائیو پک بنائے جانے کی بات چيت چلنے کی بات کہی جا رہی ہے۔
گنگولی کو ’دادا‘ کہہ کر پکارا جاتا ہے، تو مانا جا رہا ہے کہ اس فلم کا نام داداگيری رکھا جا سکتا ہے۔ اس فلم کے لئے اب لیڈ اداکار کی تلاش کی جا رہی ہے۔ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ گنگولی کا کردار کون نبھائے گا۔
دیکھنا ہے کہ کرن جوہر اس کا باضابطہ اعلان کب کرتے ہیں۔ گزشتہ دنوں ایک بیان میں گنگولی نے انکشاف کیا تھا کہ وہ اپنی بائیو پک میں رتیک روشن کو ہیرو دیکھنا چاہتے ہیں۔
اس سے پہلے ٹی وی سیریل بنانے والی ایکتا کپور سوربھ گانگولی کی بایو پک بنانے کی بات کرچکی ہیں۔ سورو گنگولی نے کہا تھا کہ ایکتا نے ان پر بائیو پک بنانے کے لئے رابطہ کیا تھا اور ایک بار ان کے درمیان بات چیت ہوئی تھی لیکن اس کے بعد چیزیں آگے نہیں بڑھ پائیں۔