عالمی وبا کی صورت اختیار کرچکے کورونا وائر سے دنیا میں اب تک تقریباً آٹھ ہزار لوگوں کی موت ہوچکی ہے اور اس سے تقریباً دو لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ کورونا وائرس کا کرکٹ سمیت کھیلوں کی دنیا پر بھی گہرہ اثر پڑا ہے اور اس کے سبب کئی دو طرفہ سیریز کو بھی ملتوی کردیا گیا ہے۔
آسٹریلیائی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ٹم پین نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ یہ حالات کرکٹ کے لیے صحیح نہیں ہیں لیکن میرے خیال میں یہ وقت کا تقاضہ ہے کہ بریک لیکر آرام کریں۔ مجھے پتہ ہے کہ ایسا کر پانا مشکل ہے جب دنیا بھر میں کئی ٹورنامنٹ ہونے ہیں لیکن کورونا کا خطرہ ان سب سے بڑا ہے۔ ہمیں اسے سنجیدگی سے لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ہم جلد ہی میدان پر واپس آئیں گے اور اسی طرح کی زندگی گزاریں گے جیسی ہم چاہتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ایسا جلد سے جلد ہوجائے لیکن ان حالات میں اپنا اور سبھی کا خیال رکھیں۔ ہمیں ان حالات کا مل کر سامنا کرنا ہے۔
واضح رہے کہ کورونا کے خطرے کے سبب آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے مابین تین میچوں کی ون ڈے سیریز ملتوی کردی گئی جبکہ اس کے بعد ہونے والے تین میچوں کی ٹی۔20 سیریزی کو بھی روکنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ آسٹریلیا نے اپنے گھریلو ٹورنامنٹ شیفیلڈ کو بھی رد کردیا۔
پین نے کہا کہ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ گزشتہ ایک ہفتہ کرکٹ دنیا کے لئے کافی مشکل رہا۔ ہمارے ملک اور شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر کچھ فیصلے لئے گئے جن میں کچ کرکٹ ٹورنامنٹوں اور دو طرفہ سیریز کو ملتوی یا رد کرنے کا فیصلہ شامل تھا۔ مجھے پتہ ہے کہ یہ ایک مشکل فیصلہ ہے لیکن ہمیں حالت کی سنجیدگی کو سمجھنا ہوگا۔