یونیورسل باس کے نام سے مشہور ویسٹ انڈیز کے تجربہ کار جارحانہ بلے باز کرس گیل کو ایک بار پھر سے بھارت کے خلاف یک روزہ سیریز میں اپنی بلے بازی کا ہنر دکھانے کا موقع مل گیا ہے۔
بھارت اور ویسٹ انڈیز کے مابین تین یک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 8 اگست کو گیانا نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا 11 اگست اور تیسرا 14 اگست کو کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ عالمی کپ سے قبل ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ سیریز کے دوران کرس گیل نے کہا تھا کہ وہ عالمی کپ کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوش ہو جائیں گے لیکن اب انہوں نے ارادہ بدل لیا ہے اور بھارت کے خلاف یک روزہ سیریز میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
ٹیم میں واپسی کے بعد اب کرس گیل یقینی طور پر برائن لارا کا سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ توڑ دیں گے، لارا ویسٹ انڈیز کی جانب سے یک روزہ میچوں میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں، انہوں نے 299 یک روزہ میچوں میں 10405 رنز جبکہ کرس گیل نے 298 یک روزہ میچوں میں 10393 رنز بنائے ہیں اور وہ لارا سے محض 11 رنز دور ہیں۔