عالمی نمبر دو بلے باز اسٹیون اسمتھ (77 ناٹ آؤٹ) اور مارنس لابوشین (63) کی نصف سنچری اننگز کی مدد سے آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کے خلاف باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن جمعرات کو ابتدائی جھٹکوں پر قابو پانے کے بعد چار وکٹ کے نقصان پر 257 رن کا باعزت اسکور بنا لیا۔
نیوزی لینڈ کا یہ 1987 کے بعد میلبورن کرکٹ گراؤنڈ پر پہلا 'باکسنگ ڈے' ٹیسٹ میچ ہے جس میں کپتان کین ولیمز نے ٹاس جیتنے پر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
بلے بازی کرنے اتری آسٹریلوی ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس نے اپنے دونوں اوپنر کو صرف 61 رن جوڑ کر گنوا دیا۔ لیکن پھر تیسرے وکٹ کے لئے اسمتھ اور لابوشین نے 83 رن کی شراکت کرتے ہوئے صورتحال کو سنبھالا۔
جو برنس کھاتہ کھولے بغیر پہلے ہی اوور میں ٹرینٹ بولٹ کی چوتھی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ اوپنر ڈیوڈ وارنر اور لابوشین نے دوسرے وکٹ کے لئے 60 رن کی ساجھےداری کی۔
زبردست فارم میں چل رہے وارنر کو نیل ویگنر نے آؤٹ کیا۔ وارنر نے 64 گیندوں پر 41 رن میں تین چوکے لگائے۔لابوشین ٹیم کے 144 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ اپنے گزشتہ تین میچوں میں مسلسل سنچری بنا چکے لابوشین اس بار نصف سنچری بنا کر آؤٹ ہوئے۔
انہوں نے 149 گیندوں پر 63 رن میں چھ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔اسمتھ نے لابوشین کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لئے 83 رن کی ساجھےداری کی۔ لابوشین عجیب و غریب طریقے سے بولڈ ہو گئے۔ کولن ڈی گرینڈهوم کی گیند لابوشین کی کہنی سے ٹکراکر اسٹمپس میں گھس گئی۔ اسمتھ نے پھر میتھیو ویڈ کے ساتھ چوتھے وکٹ کے لئے 72 رن جوڑے۔ ویڈ کو بھی گرینڈهوم نے آؤٹ کیا۔ ویڈ نے 78 گیندوں پر 38 رنز میں تین چوکے لگائے۔
سابق کپتان اسمتھ نے پھر ٹریوس ہیڈ کے ساتھ اپنی ٹیم کو دن کے اختتام تک کوئی اور نقصان نہیں ہونے دیا۔ اسٹمپس کے وقت اسمتھ 192 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل شکست 77 رنز بنا چکے تھے جبکہ ٹریوس ہیڈ 56 گیندوں میں تین چوکے کی مدد سے 25 رنز بنا کر اسمتھ کے ساتھ کریز پر ٹکے ہوئے تھے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے گرینڈهوم نے 21 اوورز میں 48 رنز دے کر دو اور چوٹ کے بعد واپسی کر رہے تیز گیند باز ٹرینٹ بولٹ نے 20 اوورز میں 60 رنز دے کر ایک وکٹ لیا جبکہ نیل ویگنر نے 21 اوورز میں 41 رن دے کر ایک وکٹ اپنے نام کیا۔