بی سی بی نے بتایا کہ 'شکیب الحسن نے موبائل فون آپریٹر کمپنی کے ساتھ اسپانسر معاہدہ کیا ہے جو بورڈ کے ساتھ ان کے مرکزی معاہدے کے خلاف ہے، شکیب کے اس معاہدہ کی رقم کا انکشاف نہیں کیا گیا ہے۔'
واضح رہے کہ آل راؤنڈر نے قومی ٹیم کی سابق اسپانسر گرامين فون کمپنی کے ساتھ یہ معاہدہ کیا تھا۔
بنگلہ دیشی کرکٹر نے یہ معاہدہ اس وقت کیا جب وہ تنخواہ ادائیگی اور اضافہ کو لے کر کرکٹرز کی ہڑتال کی قیادت کر رہے تھے۔
بی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر نظم الدین چودھری نے کہا کہ ہمارا ماننا ہے کہ شکیب کے عہد نامہ میں قوانین کی خلاف ورزی ہوئی ہے اور ہم ان کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔
وہیں بی سی بی کے صدر نظم الحسن نے کہا کہ وہ شکیب اور فون کمپنی سے جرمانہ وصول کریں گے۔
حسن نے کہا کہ ہم شکیب کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے، کسی کے نہیں جائے گا، ہم کمپنی اور کھلاڑی دونوں سے جرمانہ وصول کریں گے، کھلاڑیوں کا رویہ بورڈ کے قوانین کے تئیں غیر شائستہ ہے اور اس بار ہم کارروائی ضرور کریں گے۔
گرامین فون سنہ 2009 سے سنہ 2011 تک بنگلہ ديشی قومی کرکٹ ٹیم کی اسپانسر تھی۔
حسن کے مطابق موبائل آپریٹر کمپنی نے سنہ 2015 میں ٹیم کی اسپانسرشپ کے لیے بولی لگانے کے بجائے کھلاڑیوں کے ساتھ انفرادی طور پر معاہدے کرنا شروع کر دیے جس کے نتیجے میں بورڈ کو زبردست مالی نقصان بھی اٹھانا پڑا تھا۔
نظم الحسن کے مطابق اسی وجہ سے بورڈ نے کھلاڑیوں کو کسی بھی ٹیلی کام کمپنی کے ساتھ اشتہاری معاہدے کرنے سے روک دیا۔
بورڈ کے صدر نے قومی ٹیم کے کپتان کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھائے، واضح رہے بنگلہ دیش کو شکیب الحسن کی قیادت میں افغانستان کے خلاف ٹیسٹ میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔