دہلی كیپٹلس کے آل راؤنڈر اکشر پٹیل نے ٹیم کے انسٹاگرام لائیو سیشن میں یہ انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ رکی پونٹنگ اُس کھلاڑی کو علیحدہ سے ڈریسنگ روم میں مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا کرتے تھے جو ٹیم کی شاندار کارکردگی میں اہم کردار ادا کرتا تھا۔

انہوں نے کہاکہ میں نے گزشتہ سیزن میں پانچ بار یہ بیج جیتا تھا۔ یہ دیکھ کر اچھا لگتا ہے جب آپ کی کارکردگی کو ذاتی طور پر سراہا جاتا ہے۔ آپ کے لئے یہ خوشگوار ہوتا ہے کہ آپ نے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

26 سالہ اکشر پٹیل کو دہلی كیپٹلس نے 2019 کے گزشتہ سیزن کی نیلامی میں پانچ کروڑ روپے میں خریدا تھا۔پٹیل اس سے پہلے پانچ سیزن کنگز الیون پنجاب کی جانب سے کھیلے تھے۔
انہوں نے دہلی کے لئے اپنے پہلے سیزن میں 10 وکٹ لینے کے علاوہ 110 رن بنائے تھے۔دہلی کی ٹیم گزشتہ سیزن میں پلے آف میں پہنچی تھی۔