آسٹریلیا نے 20 اوور میں دو وکٹ پر 233 رنز کا شاندار اسکور کھڑا کیا، جس کے بعد سری لنکا کو نو وکٹ پر 99 رنز پر سمیٹ دیا گیا۔محض 56 گیندوں میں 10 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے نوٹ آؤٹ 100 رنز بنانے والے وارنر کو پلیئر آف دی میچ کا انعام دیاگیا۔
آج وارنر کی سالگرہ ہے اور وہ 33برس کے ہوگئے ہیں۔ انہوں نے اپنی پہلی سنچری بناکر اپنی سالگرہ پر خود کو یہ شاندار تحفہ دیا ہے۔ وارنر نے آسٹریلیا کی اننگ کی آخری گیند پر سنگل لے کر اپنی سنچری پوری کی اور ہوا میں اچھلتے ہوئے اس کا جشن منایا۔
وارنر نےپہلے وکٹ کے لیے کپتان آرون فنچ کے ساتھ 10.5 اوور میں 122 رنز کی زبردست ساجھے داری کی۔ فنچ نے 36گیندوں پر 64رنز میں آٹھ چوکے اور تین چھکے لگائے۔
وارنر نے آل راؤنڈر گلین میکس ویل کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لئے 107رنز جوڑے۔میکس ویل نے صرف 28گیندوں میں 62رنز میں سات چوکے اور تین چھکے لگائے۔ سری لنکا کی طرف سے کاسن رجیتا نے چار اوور میں 75رنز دیے ،جو ٹی 20 کی تاریخ میں سب سے مہنگی گیندبازی ہے۔
سری لنکا کی ٹیم زبردست ہدف کے جواب میں کبھی بھی مقابلے میں کھڑی نہیں ہوپائی اور پورے 20 اوور میں 99 رنز ہی بنا سکی۔ سری لنکا کی طرف سے داسن شناکا نےسب سے زیادہ 17 اور کشل پریرا نے 16 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی طرف سے ایڈم جمپا نے تین اور پیٹ کمنس اور مشیل اسٹارک نے دو دو وکٹ لیے۔