بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار اسپنر روی چندرن اشون اور انگلینڈ خاتون کرکٹ ٹیم کی ٹیمی بیومونٹ کو آئی سی سی 'پلیئر آف دی منتھ' ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا۔ ان دونوں کو ماہ فروی میں اختتام پذیر سیریز میں عمدہ کارکردگی کے لیے یہ ایوارڈ دیا جائے گا۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ 'اشون نے انگلینڈ کے خلاف گھریلو سیریز میں 4 میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں شاندار کررکردگی کا مظاہرہ کیا تھا جس کی وجہ سے انہیں یہ ایوارڈ دیا جا رہا ہے۔
اشون کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ہی بھارت نے انگلینڈ کو 3-1 سے شکست دے کر آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں داخلہ حاصل کیا ہے۔
اشون نے دوسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگ میں 106 کی یادگار سنچری اننگ کھیلی تھی جبکہ تیسرے ٹیسٹ میں انہوں نے ٹیسٹ کریئر میں 400 وکٹیں مکمل کرکے ٹیم کو شاندار کامیابی دلائی۔
اشون نے 4 ٹیسٹ میچوں میں 176 رن بنائے اور 24 وکٹیں اپنے نام کی تھیں۔ ان کی اسی کارکردگی کی بدولت انہیں مینز کیٹیگری میں ماہ فروری کے لیے آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ منتخب کیا گیا ہے۔
آئی سی سی ووٹنگ اکیڈمی کی سربراہی کر رہے ایان بشپ نے اشون کی کارکردگی پر کہا 'اشون مسلسل وکٹ لینے والے بالر ہیں۔ انہوں نے مشکل حالات میں بھی ٹیم کو اس اہم سیریز میں آگے رکھا۔ دوسرے ٹیسٹ میں ان کی سنچری بہت اہم تھی کیوں کہ اس وقت انگلینڈ میچ میں واپسی کرچکا تھا۔
اس کے علاوہ انگلینڈ کی ٹیمی بیومونٹ کو ماہ فروی میں نیوزی لینڈ کے خلاف تین یک روزہ میچوں کی سیریز میں عمدہ کارکردگی کے سبب پلیئر آف دی منتھ منتخب کیا گیا ہے۔ انہوں نے تینوں میچوں میں نصف سنچری کی مدد سے مجموعی طور پر 231 رنز بنائے۔
ایان بشپ نے کہا کہ بیومونٹ کی تینوں نصف سنچریاں شاندار تھیں جن میں سے دو کی بدولت ان کی ٹیم کو میچ جیتنے میں مدد کی۔