ایشیز سیریز کا چوتھا ٹیسٹ بارش سے متاثر رہا اور صرف 44 اوورز کا ہی کھیل ہو سکا جس میں مہمان ٹیم آسٹریلیا نے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک 44 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے ہیں۔
ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے اتری آسٹریلیا کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس کے دونوں سلامی بلے باز جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔
انگلینڈ کے تیز گیندباز اسٹورٹ براڈ نے پہلے ہی اوور میں ڈیوڈ وارنر کو وکٹ کیپر جانی بیرسٹو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، وارنر 2 گیندوں میں بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد ساتویں اوور میں براڈ نے مرکس ہیرس کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے کنگارو ٹیم کو دوسرا جھٹکا دیا، ہیرس نے 24 گیندوں کا سامنا کیا اور 13 رنز بنائے۔
اس کے بعد گزشتہ میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے مرنس لیبیوشین اور چوٹ سے حال ہی میں چوٹ سے ابھرنے والے سابق کپتان اسٹیو اسمتھ نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئےاسکور آگے بڑھایا۔
مرنس لیبیوشین نے 128 گیندوں کا سامنا کیا اور 10 چوکوں کی مدد سے 67 رنز بنا کر کریگ اوورٹن کی گیند پر بولڈ آؤٹ ہوئے، جبکہ اسمتھ نے 82 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی۔
انگلینڈ کی جانب سے اسٹورٹ براڈ نے دو اور کریگ اوورٹن نے ایک وکٹ حاصل کیا۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا نے برمنگھم میں پہلا ٹیسٹ 251 رنز کے بڑے فرق سے جیتا تھا جبکہ لندن میں ہونے والا دوسرا ٹیسٹ نازک حالات سے گزرتے ہوئے ڈرا ہو گیا تھا اور اس نے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی تھی۔
اس کے بعد لیڈز میں ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے پاس جیت حاصل کرنے کا موقع تھا جب اس نے میزبان انگلینڈ کو 359 رنز کا مشکل ہدف دیا تھا اور ہدف کا تعاقب کرنے اتری انگلینڈ ٹیم نے 286 رنز پر 9 وکٹیں حاصل کر لی تھیں لیکن آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے اکیلے مزاحمت کرتے ہوئے ناٹ آؤٹ 135 رنز بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا تھا اور سیریز میں 1-1 سے برابری کر لی تھی۔