انگلینڈ کے خلاف پانچویں ٹیسٹ کے لیے بھارتی ٹیم میں واپسی کرنے والے چیتیشور پُجارا کو لگتا ہے کہ آئی پی ایل 2022 میں کسی بھی فرنچائزی کی جانب سے انہیں نہ خریدا جانا ان کے لیے بہتر ثابت ہوا ہے۔ آئی پی ایل میگا نیلامی میں فروخت نہ ہونے کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بلے باز چیتیشور پُجارا سسیکس کے لیے کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے انگلینڈ چلے گئے تھے۔ کاؤنٹی میں پُجارا کی شاندار کارکردگی کے بعد انہیں بھارتی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ India Squad Against South Africa
پُجارا نے کہا کہ 'آپ کہہ سکتے ہیں کہ آئی پی ایل میں فروخت نہ ہونا میرے لیے فائدہ مند رہا۔ اگر مجھے کوئی آئی پی ایل کی ٹیم خرید لیتی تب بھی مجھے میچ کھیلنے کا موقع نہیں ملتا۔ میں صرف پریکٹس کے لیے میدان تک جاتا۔ میچ پریکٹس اور نیٹ پریکٹس میں ہمیشہ فرق ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'جب کاؤنٹی کرکٹ شروع ہوا تو میں نے اس کے لیے حامی بھر دی۔ کاؤنٹی کو ہاں کہنے کی بنیادی وجہ یہ تھی کہ میں اپنا پرانا فارم واپس چاہتا تھا۔ کاونٹی میں مئی اور اپریل میں 6 رنز، 201، 109، 12، 203، 16، 170 اور 3 رنزکے ذاتی اسکور کے ساتھ پُجارا نے سسیکس کے لیے کھیلے گئے پانچ میچوں میں 120 کی اوسط سے 720 رن بنائے۔
انگلینڈ جانے سے قبل چیتیشور پُجارا کو سری لنکا کے خلاف مارچ میں ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔ پُجارا نے ٹیم سے باہر جانے سے پہلے اپنے تجربہ کی بارے کہا تھا کہ میں صرف اپنی پرانی لے حاصل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ اگر آپ ماضی میں میری اننگز کو دیکھیں گے تو میں 80، 90 کے اعداد و شمار کو چھو رہا تھا اس لیے مجھے کبھی ایسا محسوس نہیں ہوا کہ میں آؤٹ آف فارم ہوں۔ میں بڑی اننگ کھیلنے کی کوشش کر رہا تھا۔ اپنی پرانی سطح پر پہنچنے کے لیے مجھے 100 نہیں بلکہ 150 سے زیادہ رنوں کی اننگ کھیلنی تھی۔ مجھے انگلینڈ میں ایسا کرنے کا موقع ملا۔