ہوبارٹ: ویسٹ انڈیز کے کپتان نکولس پورن نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف اپنی مہم شروع کرنے سے پہلے اتوار کو کہا کہ بڑے ناموں کے بغیر ورلڈ کپ جیتا جا سکتا ہے۔ ویسٹ انڈیز اپنا پہلا گروپ بی میچ آج بیلریو اوول میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھیل رہا ہے۔ 2012 اور 2016 کے ٹی۔ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی فاتح ویسٹ انڈیز پہلی بار ٹاپ ایونٹ میں کرس گیل اور ڈوین براوو کے بغیر ہیں۔ کیریبین ٹیم میں آندرے رسل، سنیل نارائن اور شمرون ہیٹمائر جیسے بڑے نام بھی نہیں ہیں۔ West Indies vs Scotland
پورن نے میچ سے پہلے کی پریس کانفرنس میں کہا کہ"میرے مطابق تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کے درمیان توازن کام کرے گا، اگر آپ دیکھیں تو ان دو ورلڈ کپ (2012 اور 2016) میں جب ہم نے جیتا تھا، ہمارے پاس بہت سے بڑے نام تھے، لیکن پچھلے سال ورلڈ کپ میں بھی ہمارے پاس کئی بڑے نام تھے اور ہم (سیمی فائنل کے لیے) کوالیفائی نہیں کر سکے۔
انہوں نے کہاکہ "آسٹریلیا نے گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتا تھا جب ان کے پاس بہت زیادہ بڑے کھلاڑی نہیں تھے، لیکن ان کے پاس ایک اچھی ٹیم تھی اور یہی انہیں جیتنے کے لیے کافی تھا۔ اس لیے اگر ہم اپنی بات کریں تو ہمارے پاس بڑے نام نہیں ہیں۔ لیکن ہم نے ایک ٹیم بنائی ہے جو بہت اہم ہے۔ جب کھلاڑی ایک دوسرے کے لیے کھیلیں گے اور ساتھ رہیں گے تو سب ٹھیک ہو جائے گا۔"
یہ بھی پڑھیں: T20 World Cup 2022 نیدرلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے میں تین وکٹوں سے کامیابی حاصل کی
تجربہ کار کھلاڑیوں کی عدم موجودگی میں ویسٹ انڈیز کا انحصار برینڈن کنگ، کائل میئرز اور روومین پاول جیسے کھلاڑیوں پر ہے جنہوں نے کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پورن کی ٹیم کو سپر 12 میں پہنچنے کے لیے پہلے راؤنڈ میں اسکاٹ لینڈ اور اس کے بعد آئرلینڈ اور زمبابوے کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ پورن نے کہاکہ "ہاں، ورلڈ کپ جیتنا یقینی طور پر خاص ہوگا۔ ہماری ٹیم میں بہت سے نئے چہرے ہیں۔ ٹیم میں بہت سارے نوجوان کھلاڑی ہیں۔ یہ ورلڈ کپ جیتنا ذاتی طور پر ہماری سب سے بڑی کامیابی ہوگی۔"
یو این آئی