نئی دہلی: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم عالمی کرکٹ میں ایک سے بڑھ کر ایک ریکارڈ اپنے نام کر رہے ہیں۔ وہ پہلے ہی نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ونڈے میچوں کی سیریز میں پاکستان کو جیت دلوا چکے ہیں اور اب وہ کیویز کے خلاف چوتھے ون ڈے میں 19 رنز بنا کر دنیا کے تیز ترین 5000 رنز بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ وہ اس معاملے میں پہلے ایشیائی و بین الاقوامی بلے باز بن گئے۔ انہوں نے جمعہ کو کراچی میں کھیلے جارہے چوتھے ون ڈے میں ایک بڑا ریکارڈ اپنے نام کیا۔ بابر اعظم دنیا کے تیز ترین 5000 رنز بنانے والے بلے باز بن گئے۔ انہوں نے 19 رنز بناتے ہی جنوبی افریقہ کے تجربہ کار ہاشم آملہ کا ریکارڈ توڑ دیا۔ آملہ نے یہ ریکارڈ اپنے شاندار ون ڈے کیریئر کے دوران 101 اننگز میں بنایا تھا۔ بابر نے 96ویں اننگز میں 4981 رنز بنائے تھے۔ انہوں نے 97 ویں اننگز میں 19 رنز بنا کر تاریخ رقم کی۔
تیز ترین 5 ہزار رنز بنانے کے معاملے میں ویسٹ انڈیز کے تجربہ کار ویوین رچرڈز ہاشم کے بعد دوسرے نمبر پر تھے۔ انہوں نے یہ ریکارڈ 114ویں اننگز میں بنایا تھا۔ وہیں بھارتی اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی نے بھی 114ویں اننگز میں 5 ہزار رنز بنائے تھے، اس معاملے میں پاکستان کے کپتان بابر نے تمام بلے بازوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ بابر اعظم اب پاکستان کی جانب سے تیز ترین 5000 رنز بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ ان سے پہلے یہ ریکارڈ اس ٹیم کے سابق بلے باز سعید انور کے نام تھا جنہوں نے 138 اننگز میں 5000 رنز کا یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔ اب بابر نے سعید انور کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
مزید پڑھیں: