تیز گیند باز ناتھن ایلس (28 رن پر 4 وکٹ) اور اس کے بعد کپتان ایرون فنچ (55) رنز اور آل راؤنڈر مارکس اسٹوئنس (23) کی طوفانی اننگز کی بدولت آسٹریلیا نے منگل کی رات واحد ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ میں پاکستان کو تین وکٹ سے شکست دے دی۔ ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے میزبان پاکستان نے کپتان بابر اعظم (66) کی دھماکہ خیز نصف سنچری اور چھ گیندوں پر عثمان قادر کے 18 رن کی بدولت 20 اووروں میں 8 وکٹوں پر 162 رن کا چیلنجنگ اسکور بنایا۔ Australia Beat Pakistan in T20 by three wickets
جواب میں آسٹریلیا نے فنچ کی نصف سنچری اور دیگر بلے بازوں کی چھوٹی چھوٹی اہم اننگز کی مدد سے 19.1 اوورز میں سات وکٹوں پر 163 رن بنا کر میچ جیت لیا۔ فنچ کو ان کی میچ وننگ اننگز کے لیے 'پلیئر آف دی میچ' کا ایوارڈ دیا گیا۔ فنچ نے چھ چوکوں کی مدد سے 45 گیندوں پر 55 رن کی نصف سنچری اننگز کھیلی جب کہ اسٹوئنس نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے نو گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 23 رن بنائے۔ ٹریوس ہیڈ اور جوش انگلس نے بھی بالترتیب تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 14 گیندوں پر 26 اور دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 15 گیندوں پر 25 رن بنائے۔ Australia vs Pakistan in T20
اس سے قبل گیند بازی میں ناتھن ایلس نے چار اوورز میں 28 رن دے کر چار وکٹ حاصل کئے۔ اس کے علاوہ کیمرون گرین نے دو جبکہ شان ایبٹ اور ایڈم زمپا نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ پاکستان کی جانب سے کپتان بابر نے 46 گیندوں پر چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 66 رن بنائے جبکہ محمد رضوان نے 19 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 23 رن بنائے۔ عثمان قادر نے بھی چھ گیندوں پر دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے اٹھارہ رن کی طوفانی اننگز کھیلی۔ قادر نے بالنگ میں بھی دو وکٹ حاصل کئے۔ ان کے علاوہ محمد وسیم جونیئر اور شاہین آفریدی نے دو دو جب کہ حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ واحد ٹی ٹوئنٹی میچ تھا۔ اس سے قبل پاکستان نے آسٹریلیا کو تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں 1۔2 سے شکست دی تھی جب کہ اس سے قبل تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز 0-1 سے آسٹریلیا کے نام رہی تھی۔
یو این آئی