تیز گیند باز مارک ووڈ اور اسٹورٹ براڈ کی شاندار گیند بازی کی بدولت انگلینڈ نے آسٹریلیا کو پانچویں اور آخری ایشیز ٹیسٹ کے تیسرے دن اتوار کو دوسری اننگ میں 155 رن پر سمیٹ دیا جس کے بعد انگلینڈ کو جیت کے لیے 271 رنز کا ہدف ملا۔ Mark Wood 6 Wickets Against Australia
پانچویں ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں اپنا اسکور تین وکٹوں کے نقصان پر اپنی اننگز 37 رنز سے آگے بڑھایا۔
اسٹیو اسمتھ نے 17 اور نائٹ واچ مین اسکاٹ بولینڈ نے تین رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ بولینڈ 8 رنز بنانے کے بعد ووڈ کا شکار بنے اس کے بعد پہلی اننگز میں سنچری اسکور بنانے والے ٹریوس ہیڈ دوسری اننگز میں محض 8 رنز بنانے کے بعد ووڈ کا اگلا شکار بنے۔
اسمتھ 62 گیندوں پر 27 رنز بنا کر ووڈ کی گیند پر ڈیوڈ ملان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا نے اپنی چھٹی وکٹ صرف 63 کے اسکور پر گنوائی لیکن وکٹ کیپر ایلکس کیری نے 88 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 49 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آسٹریلیا کا اسکور 155 تک پہنچا دیا۔ Australia Bowled Out
کیری نویں بلے باز کے طور پر ٹیم کے اسکور 151 پر آؤٹ ہوئے۔ ووڈ نے پیٹ کمنز کو 13 رنز پر آؤٹ کر کے آسٹریلیا کی اننگز 155 رنز پر سمیٹ دی۔
انگلینڈ کی جانب سے مارک ووڈ نے 16.3 اوورز میں 37 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں جبکہ براڈ کو 51 رنز کے عوض تین اور کرس ووکس کو 40 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل ہوئی۔