بولی ووڈ اداکارہ تاپسی پنو نے رشی کپور کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے جبکہ انہیں یاد کرتے ہوئے تاپسی نے لیجنڈری اداکار کی شخصیت سے جڑے کچھ اہم واقعات کو بھی یاد کیا جسے عام لوگ نہیں جانتے۔
پنک اسٹار نے رشی کپور کے ساتھ ملک اور چشمہ بدور میں کام کیا تھا۔
حالیہ دنوں میں میڈیا نمائندے سے بات کرتے ہوئے تاپسی نے بتایا کہ ’رشی کپور کو اکثر لوگ ’گرم خون والا پنجابی شخص‘ کہا کرتے تھے جو وہ تھے لیکن ان کی شخصیت کے دوسرے پہلو کو جاننے کےلیے ان کے ساتھ وقت گذارنا ضروری تھا۔
انہوں نے کہا کہ ’ملک میں کام کرنا میری خوش قسمتی تھی۔ وہ ہمیں ڈانٹتے تھے لیکن ان کے ڈانٹنے میں اپنا پن ہوتا تھا۔
تاپسی پنو نے رشی کپور کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ان کے انتقال پر ابھی بھی یقین نہیں ہوتا۔ قبل ازیں جب میں انہیں پارٹیز میں نہیں دیکھتی تو ایسا باور ہوتا تھا کہ وہ کچھ دیر میں آجائیں گے لیکن اب ایسا نہیں ہوگا‘۔
انہوں نے رشی کپور کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک عہد کا اختتام ہے اور رشی کپور کے جیسا دل اور ٹیلنٹ پھر کبھی دیکھنے کو نہیں ملے گا۔
تاپسی نے رشی کپور کے انتقال کو انتہائی افسوسناک خبر قرار دیتے ہوئے کہا کہ رشی کپور کا بچھڑنا دل ٹوٹنے جیسا ہے، وہ لیجنڈ، بہترین ساتھی اداکار اور ایک اچھے رہبر کی طرح تھے، ایسا لگتا ہے جیسے ہم کسی ڈراؤنے خواب میں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ رشی کپور کا جدا ہونا فلم انڈسٹری اور مداحوں کے لیے ایسا نقصان ہے جسے پورا نہیں کیا جاسکتا۔
واضح رہے کہ انوبھوو سنہا کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم’مُلک‘کی کہانی ایسے ایسے شخص کے گرد گھومتی ہے جسے غدار قرار دیدیا جاتا ہے اور پھر اسکا کیس ایک خاتون وکیل لڑتی ہے جس میں رشی کپور غدار جبکہ تاپسی پنو وکیل کے روپ میں نظر آئیں گے۔