بالی ووڈ کے معروف اداکار رشی کپور اور اداکارہ نیتو سنگھ نے کھیل کھیل میں، رفو چکر، زہریلا انسان، زندہ دل، کبھی کبھی، امر اکبر انتھونی، انجانے، دنیا میری جیب میں، جھوٹا کہیں کا، دھن دولت، دوسرا آدمی وغیرہ وغیرہ جیسی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا۔ لیکن جب نیتو سنگھ کی رشی کپور سے پہلی بار ملاقات ہوئی تو وہ انہیں کوئی خاص اچھے نہیں لگے تھے۔ ان کی پریم کہانی یش چوپڑا کی فلم کبھی کبھی سے شروع ہوئی۔ سنہ 1980 میں دونوں نے شادی کی۔ ان کی شادی میں ملک کے علاوہ دنیا کی مشہور چنندہ ہستیوں نے بھی شرکت کی تھی۔
نیتو سنگھ نے بتایا کہ جب رشی کپور ان کے ساتھ ڈیٹ پر ہوتے تھے تو اس وقت بھی ان کا تعلق دوسری لڑکیوں سے تھا۔ لیکن وہ ایسا احساس کراتے تھے کہ ان کا کسی لڑکی سے کوئی افیئر نہیں ہے۔
نیتو نے بتایا کہ میں پہلی مرتبہ آر کے اسٹوڈیو میں رشی سے ملی تھیں جہاں وہ اپنی فلم بابی کی شوٹنگ میں مصروف تھے۔ لیکن ہماری پہنچان زہریلا انسان کے سیٹ پر ہوئی۔ نیتو نے بتایا کہ مجھے پہلی بار رشی سے مل کر بالکل بھی اچھا نہیں لگا۔ وہ مجھے ہر بات پر ٹوک دیتے تھے۔ مجھے احساس ہوا کہ یہ بہت زیادہ اکڑو انسان ہیں۔ لیکن آہستہ آہستہ ہم دونوں کے درمیان دوستی ہوگئی اور پھر یہ دوستی شادی کے رشتہ میں تبدیل ہوگئی۔
نیتو سنگھ نے ایک اور دلچسپ بات بتائی کہ شادی کے موقع پر ہم دونوں بے ہوش ہوگئی تھے۔ وجوہات دونوں کی الگ الگ تھیں۔ میرا لہنگا بہت بھاری تھا جسے میں سنبھالتے سنبھالتے بے ہوش ہوگئی تھی جبکہ رشی اپنے آس پاس کی بھیڑ دیکھ کر پریشان ہوگئے تھے اور وہ بھی چکر کھا کر گر گئے تھے۔ بعد میں جب ہم دونوں کو ہوش آیا تب ہماری شادی مکمل ہوئی۔
شادی کے بعد نیتو نے فلموں کو الوداع کہہ دیا تھا۔ اس وقت ان کے کریئر کا سنہرا دور چل رہا تھا۔ نیتو سنگھ نے اس کے بعد سنہ 2009 میں رشی کپور کے ساتھ ہی فلم لو آج کل سے فلموں میں واپسی کی۔ اس کے بعد رشی کپور اور نیتو سنگھ نے دو دونی چار اور بے شرم میں بھی ساتھ کام کیا۔