مرکزی وزیر ثقافت پرہلاد پٹیل نے جمعرات کو ٹوئٹ کرکے یہ اطلاع دی۔ پٹیل نے کہا 'ہمیں خوشی ہے کہ صدر رام ناتھ کووند نے پریش راول کو نیشنل اسکول آف ڈرامہ کا چیئرمین مقرر کیا ہے۔ ہم ان کی تقرری کا خیرمقدم کرتے ہیں اور ان کی قیادت میں یہ نئی بلندیوں پر پہنچے گا'۔
پریش راول کو 2014 میں پدم شری ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ 30 مئی 1955 کو پیدا ہونے والے، پریش راول گجرات کے مشرقی احمد آباد سے لوک سبھا کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔ فلم 'سر' اور 'وہ چھوکری' کے لئے معاون اداکار کے لئے انہیں قومی فلم ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے بیسٹ کامیڈین کا فلم فیئر ایوارڈ بھی جیتا ہے۔ انہوں نے سردار پٹیل پر بنی فلموں میں بھی سردار کا کردار ادا کیا، جس سے انہیں بہت شہرت حاصل ہوئی۔
انہوں نے چاچی 420 ، ہیرا پھیری ، نائک ، آنکھیں ، ہنگامہ ، ہلچل ، گرم مسالہ ، بھول بھولیا ، بھاگم بھاگ جیسی متعدد فلموں میں اپنی عمدہ اداکاری کی۔
ممبئی میں تعلیم حاصل کرنے والے پریش راول نے اپنی تعلیم نارسی منجی کالج آف کامرس سے حاصل کی تھی۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 1985 میں فلم ارجن سے کیا تھا اور انہوں نے 1986 میں بنی فلم سے شہرت حاصل کی تھی۔ انہوں نے اب تک 100 سے زیادہ فلموں میں ولن کا کردار ادا کیا ہے ۔وہ گجراتی ڈراموں کے مشہور اداکار بھی رہے ہیں۔