خیام کا جنازہ جوہو میں واقع ان کی رہائش گاہ سے دوپہر ساڑھے تین بجے روانہ ہوا،92 سالہ موسیقار کا طویل علالت کے بعد کل انتقال ہوا تھا۔
خیام کے جنازے کے ہمراہ پولیس جوان بھی تھے نیز ان کے دوستوں اور فلم انڈسٹری سے وابستہ سیکڑوں افراد جلوس جنازہ میں شریک تھے۔
ممبئی کے اندھیری چار بنگلہ قبرستان میں پولیس نے انہیں 21 گن کی سلامی دی اور ان کی آخری رسومات مسلم طریقہ سے ادا کی گئیں۔
ان کی علیل اہلیہ جگجیت کور بھی ویل چیئر پر قبرستان پہنچیں اور کئی مرتبہ بے ہوش ہوگئی تھیں۔
اس موقع پر بالی وڈ کی متعدد شخصیات میں رضا مراد، جاوید اختر، اشوک پنڈت، تبسم، سنجے خان، پونم ڈھلون، سونونگم، وشال بھاردواج، سریش واڈکر، نتین مکیش، جتین پنڈت اور للت پنڈت، الکا یاگنک نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
خیام کے انتقال پر صدر رام ناتھ کووند اور وزیراعظم نریندرمودی نے بھی انہیں خراج عقیدت پیش کیا، جبکہ مہاراشٹرکے وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس،بھارت رتن لتا منگیشکر، اداکار امیتابھ بچن اور دیگر شخصیات نے بھی تعزیت پیش کی ہے۔
واضح رہے کہ خیام نے کئی یادگار ،کلاسیکی اور جدید نغموں سے فلموں میں جان ڈالی ہے، انہیں پدم شری، پدم بھوشن کے علاوہ سنہ 1981 میں فلم امراؤ جان کے لیے نیشنل ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔