فلمساز باسو بھگنانی کے بیٹے جیکی بھگنانی اداکاری کے علاوہ فلم سازی کے میدان میں بھی سرگرم ہیں اور وہ ہالی وڈ کی سپرہٹ فلم ٹائٹینک کا ریمیک بنانا چاہتے ہیں۔
جیکی نے کہا ہے،''مجھے ہالی وڈ کی سب سے مشہور فلم ٹائٹینک کا ریمیک بنانا اچھا لگے گا۔ جہاں تک فنکاروں کی بات ہے تو میں فلم میں رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کو ’ جیک اور روز‘ کا کردار نبھاتے دیکھنا پسندکروں گا۔''
جیکی بھگنانی سے بالی ووڈ میں بڑھ رہے ریمیک کے رجحان کی بابت جب پوچھا گیا تو انہوں نے کہا،'' ہمارے پاس دونوں طرح کی فلمیں بن رہی ہیں۔ مثال کے طور پر ہماری حالیہ ریلیز فلم ’جوانی جان من‘ اور اس کے بعد جلد ریلیز ہونے والی فلم ’بیل باٹم‘ کسی فلم کا ریمیک نہیں ہے جبکہ دوسری جانب ’قلی نمبر ۔1‘ ایک ریمیک ہے۔ یہ تو شائقین کی پسند پر منحصر ہے۔''
ان سے جب پوچھا گیا کہ کیا آپ فل ٹائم پروڈیوسر بننے کی تیاری کررہے ہیں؟ اس کے جواب میں جیکی نے کہا،'' میں کمپنی کی تشکیل میں بہت مصروف ہوں۔ میں نے ترجیحات تبدیل کردی ہیں لیکن ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے اور اگر ایسا کچھ ہوتا ہے جس سے میں خوش ہوجاؤں تو میں بھی وہی کرنا چاہوں گا۔''