ممبئی پولیس نے آج فلم اداکارہ ریا چکرورتی کو مبینہ طور پر انسٹا گرام پر فحش اور دھمکی آمیز پیغامات بھیجنے کے معاملے میں انسٹاگرام کے دو اکاؤنٹ ہولڈرس کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔
16 جولائی 2020 کو ریا چکرورتی کو مبینہ طور پر فحش اور دھمکی آمیز پیغامات موصول ہوئے تھے جس کے بعد انہوں نے انسٹاگرام صارفین کی دھمکی کا اسکرین شاٹ شیئر کیا تھا اور صارفین کے خلاف ضروری کارروائی کرنے کے لئے سائبر کرائم انڈیا کو ٹیگ کیا تھا۔
ریا نےاپنی شکایت میں کہا ہے کہ 'فلم اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کے انتقال کے بعد بنائے گئے سوشل میڈیا بلاگ پر انھیں یہ دھمکیاں ملی ہیں'۔
سوشل میڈیا بلاگ پر ریا نے لکھا 'مجھے سونے کی کان کھودنے والا کہا جاتا رہا، میں خاموش رہی، مجھے قاتل کہا جاتا رہا، میں خاموش رہی۔ لیکن میری خاموشی کا یہ مطلب ہرگز نہیں ہے کہ کوئی مجھے فحش پیغامات روانہ کرے میری عزت لوٹنے کی بات کرے یہ تمام باتیں اب ناقابل برداشت ہوگئی ہیں وغیرہ وغیرہ۔۔۔'۔
ریا نے اس ضمن میں سائبر کرائم میں بھی شکایت کی تھی۔
پہیلی مرتبہ خود کو سوشانت سنگھ کی معشوقہ کے طور پر سوشل میڈیا میں متعارف کروانے والی ریا کی شکایت پر مہاراشٹر کی وزیر برائے خواتین فلاح بہبود یشومتی ٹھاکر نے بھی کارروائی کرنے کا حکم دیا تھا۔