بھارتی خلائی تحقیقی ادارہ کی جانب سے لانچ کیا گیا چندریان 2 کا لینڈر وکرم بھلے ہی چاند پر سافٹ لینڈنگ کرنے میں ناکام رہا ہو لیکن اسرو کی اس کوشش پر پورے ملک کے باشندگان نے سائنسدانوں کی کوشش کی ستائش اور تعریف کی جبکہ بالی وڈ شخصیات نے بھی اسرو سائنسدانوں کی کے کام کی تعریف کی۔
بالی وڈ کنگ کہلانے والے معروف اداکار شاہ رخ خان نے ٹوئٹ کیا کہ 'کئی مرتبہ ہم اپنی منزل پر پہنچنا چاہتے ہیں لیکن نہیں پہنچ پاتے ہیں، سب سے ضروری بات یہ ہے کہ ہم ہدف کو پانے کےلیے نکل پڑے ہیں اور ہمیں پوری امید ہے اور ہمیں یقین ہے کہ ہم کرسکتے ہیں، ہماری موجودہ صورتحال کبھی بھی ہماری منزل نہیں ہوسکتی، منزل ہمیشہ وقت اور یقین کے ساتھ ملتی ہے، آپ پر فخر ہے اسرو'۔
بالی وڈ شہنشاہ امیتابھ بچن نے ٹوئٹ کیا کہ 'آج ایک نیاسورج نکلا ہے، چاند کو پھر پکڑیں گے، فخر کبھی شکست کا سامنا نہیں کرتا، ہمارا فخر، ہماری فتح، آپ پر فخر ہے اسرو'۔
عظیم گلوکارہ لتا منگیشکر نے کہا کہ ’صرف رابطہ منقطع ہوا ہے، عزم نہیں ٹوٹا ہے۔ ہمت ابھی بہت بلند ہے، مجھے یقین ہے کہ ہمیں ضرور کامیابی ملے گی'۔
بالی وڈ کھلاڑی اداکار اکشے کمار نے اسرو کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ 'تجربہ کے بغیر کوئی سائنس کا علم حاصل نہیں کرسکتا، کئی مرتبہ ہم کامیاب ہوتے ہیں اور کئی مرتبہ ہم سیکھتے ہیں، اسرو کے ان تجربہ کار سائنسدانوں کو سلام، ہمیں امید ہے کہ چندریان 2 جلد ہی چندریان 3 کےلیے راستہ ہموار کرے گا، ہم جلد واپسی کریں گے'۔
اجے دیوگن نے چندریاں 2 کے تعلق سے کہا کہ' ملک متحد ہے، فخر اور امید ہے، چندریان 2 کے لیے اسرو کا شکریہ'۔
بالی وڈ کے سینیئر اداکار انوپم کھیر نے اسرو کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے شعر لکھا کہ ' گرتے ہیں شہسوار ہی میدان جنگ میں، وہ طفل کیا گرے جو گھٹنوں کے بل چلے،ویل ڈن اسرو، ہمیں آپ پر فخر ہے'۔
عمران ہاشمی نے کہا کہ 'ایسے وقت میں جب سوشل میڈیا صرف طاقت کے بارے میں ڈینگ مارتا ہے، ایسے میں کمزوریوں اور ناکامیوں کے بارے میں اگلی نسل کو سیکھانے کا اہم ذریعہ ہے، اگر آپ اپنی شکست سے سیکھتے ہیں تو آپ کچھ نہیں کھوتے ہیں، اسرو پر فخر ہے'۔
نوجوان گلوکار ارمان ملک نے کہا کہ 'اگر آج اے پی جے عبدالکلام سر ہوتے تو وہ اسرو کے اس مشن پر حقیقت میں فخر کرتے، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ہم گرتے ہیں، اٹھتے ہیں اور دوبارہ کوشش کرتے ہیں، زیادہ علم کے ساتھ جو غلطی ہوئی ان غلطیوں کا تدارک کرتے ہیں، اگلی مرتبہ ہم دوبارہ کوشش کریں گے'۔
واضح رہے کہ اسرو کا چندریان 2 مشن کا لینڈر وکرم چاندر پر اترنے کا عمل جو پہلے سے منصوبہ بند طریقے سے چل رہا تھا اور چاند کی سطح سے وہ محض 2.1 کلومیٹر کی دوری تک ٹھیک کام کررہا تھا لیکن اس کے بعد اچانک اس کا رابطہ منقطع ہوگیا جس سے بھارت کو بڑا دھچکا لگا ہے۔