اداکارہ سوناکشی سنہا نے یومیہ اجرت پانے والے مزدوروں کی مدد کے لیے اپنا ہاتھ آگے بڑھایا ہے۔ وہ اپنی سب سے خاص چیز نیلام کرنے جا رہی ہیں اور وہ اس سے جمع ہونے والی تمام رقم یومیہ اجرت والے مزدوروں کی مدد میں بطور عطیہ دیں گی۔ سوناکشی سنہا اپنے آرٹ ورک کی آن لائن نیلامی کرنے جا رہی ہیں۔ ان میں سوناکشی کی ڈیجیٹل پرنٹ، اسکیچ اور کینوس پینٹنگز شامل ہیں۔
سوناکشی نے خود ٹوئٹ کرکے یہ جانکاری دی ہے۔ انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں خود کی بنائی ہوئی تصویر کے ساتھ اپنی فوٹو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’اگر ہم دوسروں کے لیے کچھ نہیں کر سکتے تو کس بات کے اچھے ہیں۔ میرا آرٹ ورک میری سوچنے سمجھنے کی صلاحیت کو بڑھاتا ہے۔ مجھے یہ سب کرکے بہت خوشی ہوتی ہے۔ لیکن اب اس کا استعمال دوسروں کے لیے کرکے مجھے مزید راحت ملے گی’۔
سوناکشی نے کہا کہ ’لاک ڈاؤن کا سب سے زیادہ اثر یومیہ اجرت حاصل کرنے والوں پر پڑا ہے۔ یہ لاک ڈاؤن ان مزدوروں کے لیے ایک بھیانک خواب کی طرح آیا ہے۔ وہ اتنے پریشان ہوگئے ہیں کہ ان کے پاس اپنے اور اپنے اہل خانہ کو کھانا کھلانے کے لیے کھانا تک بھی نہیں ہے۔ یہ بہت تکلیف دہ ہے۔ لہذا، میں نے فنکائنڈ کے ساتھ جڑ کر اپنے آرٹ ورک کو نیلام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس میں کینوس پینٹنگ اور خاکوں کا ایک مرکب ہوگا۔ یہ میں نے اپنے دل سے بنا لیا ہے۔ اب ان کی نیلامی سے آنے والی رقم ان یومیہ اجرت پانے والے مزدوروں کی مدد کے لیے دی جائے گی جو اپنے لیے کھانا بھی نہیں جٹا سکتے ہیں۔