بالی وڈ اداکار اور بِگ باس سیزن 13 کے فاتح سدھارتھ شُکلا کی دل کا دورہ پڑنے سے موت ہوگئی۔ ان کی عمر 40 برس تھی۔
ممبئی کے کُوپر ہسپتال کے ایک عہدیدار نے تصدیق کی کہ مشہور ٹیلی ویژن اور فلم اداکار سدھارتھ شکلا جو طویل وقت تک چلنے والے ٹی وی شو 'بالیکا ودھو' میں اپنے کردار کے لیے مشہور ہیں، جمعرات کو انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 40 برس تھی۔
پسماندگان میں والدہ اور دو بہنیں ہیں۔
کُوپر ہسپتال کے سینیئر عہدیدار نے میڈیا ایجنسیز کو بتایا کہ 'سدھارتھ شُکلا کو ہسپتال میں مردہ حالت میں لایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ 'سدھارتھ شُکلا نے بطور ماڈل شوبِز میں اپنے کریئر کا آغاز کیا تھا اور ٹیلی ویژن شو 'بابُل کا آنگن چھوٹے نا' میں مرکزی کردار کے اپنی اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا تھا۔
بعد میں انہوں نے 'جانے پہچانے سے یہ اجنبی، لَو یو زندگی، جیسے شوز میں کام کیا لیکن 'بالیکا ودھو' میں اپنے کردار سے انہوں نے شہرت حاصل کی۔
اس کے علاوہ انہوں نے ریئلٹی شوز میں بھی حصہ لیا جن میں 'جھلک دِکھلا جا سیزن 6، فیئر فیکٹر: خطروں کے کھلاڑی سیزن 7 اور بگ باس سیزن 13 میں بھی حصہ لیا تھا۔ وہ بِگ باس سیزن 13 کے فاتح تھے۔
سدھارتھ شُکلا نے سنہ 2014 میں کرن جوہر پروڈکشن میں بنی فلم 'ہمپٹی شرما کی دُلہنیا' سے بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا۔