امیتابھ بچن اور جیا بچن آج اپنی 47 ویں سالگرہ کا جشن منا رہے ہیں۔ امیتابھ بچن نے سنہ 1973 میں جیا بچن سے شادی کی۔
ناظرین نے نہ صرف امیتابھ اور جیا کی جوڑی کو بڑے پردے پر پسند کیا بلکہ حقیقی زندگی میں بھی شائقین اس جوڑے کو پردے کے پیچھے بھی اتنا ہی پیار کرتے ہیں۔
70 کی دہائی سے ہی ان دونوں کی جوڑی نے فلمی دنیا میں دھوم مچا دی۔ چاہے ہم فلم زنجیر کی بات کریں یا کبھی خوشی کبھی غم امیتابھ اور جیا کی جوڑی کو خوب سراہا گیا۔
امیتابھ اور جیا کی جوڑی بڑے پردے پر پہلی بار فلم بنسی برجو میں نظر آئی تھی۔ یہ فلم سنہ 1972 میں ریلیز ہوئی تھی۔ یہ ایک رومانوی فلم تھی جس میں امتیابھ نے برجو اور جیا نے بنسی کا کردار ادا کیا تھا۔
اس کے بعد ان دونوں کی جوڑی سنہ 1973 کی سپرہٹ فلم زنجیر میں نظر آئی تھی۔ اس فلم کی ریلیز ہونے کی چند ماہ بعد ہی امیتابھ بچن اور جیا بچن نے شادی کر لی تھی۔
امیتابھ نے اپنی شادی کی سالگرہ کے موقع پر انسٹاگرام میں پوسٹ کر کے اس بات کا انکشاف کیا کہ وہ فلم زنجیر کی کامیابی کا جشن لندن میں جیا بچن کے ساتھ منانا چاہتے تھے لیکن امیتابھ کے والد ہریونش رائے بچن نے ان سے پوچھا کہ وہ کس کے ساتھ جارہے ہیں، جب میں نے انہیں بتایا کہ میں جیا کے ساتھ جارہا ہوں، جس پر انہوں نے کہا کہ تمہیں جانے سے پہلے اس سے شادی کرنی ہوگی ورنہ تم نہیں جاؤگے، تو میں نے ان کی اس بات کو مانا اور جیا سے شادی کرلی۔
فلم زنجیر کی یہ سپرہٹ جوڑی سنہ 1973 کی فلم ابھیمان میں نظر آئی۔ یہ فلم میوزیکل ڈرامہ فلم تھی ۔جیا کو اس فلم میں اداکاری کے لیے فلم فیئر کی بہترین اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
اس کے بعد سنہ 1975 کی فلم ملی میں دونوں ایک ساتھ نظر آئے ۔اس فلم میں جیا ملی کھنہ اور امیتابھ شیکھر دیال کے کردار میں نظر آئے۔اس فلم کی ہدایتکاری رشیکیش مکھرجی نے کی۔
فلم شعلے کو کوئی کیسے بھول سکتا ہے۔اس فلم کو ہندی سنیما کی اب تک کی بہترین فلموں میں شمار کیا جاتا ہے۔سنہ 1975 میں ریلیز ہوئی اس فلم میں دھرمیندر، امیتابھ بچن، سنیجو کمار، ہیما مالنی، جیا بچن اور امجد خان مرکزی کردار میں نظر آئے۔امیتابھ اور جیا اس فلم میں اپنے جذبات کو ایک دوسرے کے لیے چھپاتے ہوئے نظر ائے ۔1975 میں ایک دوسرے کے ساتھ لگاتار یہ ان کی تیسری فلم تھی۔
فلم سلسلہ میں امتیابھ بچن، ششی کپور،جیا بچن، ریکھا اور سنجیو کمار نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔یہ یش چوپڑا کی رومانٹک ڈرامہ فلم تھی جو سنہ 1981 میں ریلیز ہوئی۔یہ فلم نے باکس آفس پر زیادہ کمال تو نہیں کیا لیکن اس فلم کے نغموں نے لوگوں کے دلوں میں ایک خاص مقام حاصل کی ہے۔
کئی بالی ووڈ فلموں میں امیتابھ اور جیا کی جوڑی نے لوگوں کو متاثر کیا ہے۔یہ تو بات ہوئی 70 کی دہائی کی ۔اس کے بعد امیتابھ اور جیا نے ایک ساتھ کرن جوہر کی فلم کبھی خوشی کبھی غم میں ایک آئیکونک کردار کو ادا کیا۔