ملک اس وقت کورونا وائرس نامی وبا سے دوچار ہے، چاروں طرف لاک ڈاؤن سے دور دور تک سناٹا چھایا ہوا ہے، بازار سنسان ہے، لوگ اپنی جان کی حفاظت کے لیے گھروں میں قید ہیں۔ وہیں دوسری جانب جرائم پیشہ افراد بھی اپنی حرکتوں سے باز نہیں آ رہے ہیں، ایسا ہی ایک معاملہ ارریہ کے بیر گاچھی تھانہ حلقہ کے کوشکی پور گاؤں میں پیش آیا، جہاں تین جرائم پیشہ افراد نے سی ایس پی کارکن کو بندوق کا خوف دکھا کر 3 لاکھ 20 ہزار روپے لوٹ لیا اور پھر کارکن کو گولی مار کر کر فرار ہو گئے۔
زخمی کارکن کو گاؤں والوں کی مدد سے ارریہ صدر ہسپتال پھر ڈاکٹروں نے ہائیر سینٹر ریفر کر دیا، ادھر واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ٹاون ڈی ایس پی کے ڈی سنگھ پولس اہلکار کے ساتھ جائے وقوع پر پہنچے اور معاملے کی جھان بین شروع کر دی۔ ٹاؤن ڈی ایس پی کے ڈی سنگھ نے کہا کہ نوجوان کو گولی لگی ہے جس کے بہتر علاج کے لیے کٹیہار میڈیکل کالج بھیج دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ میں جو بھی گروہ شامل ہے اسے کسی بھی حال میں چھوڑا نہیں جائے گا۔ پولس اپنا کام مستعدی سے کر رہی ہے'۔
زخمی سی ایس پی کارکن متھلیش کمار تاراباڑی تھانہ حلقہ کے جموا وارڈ نمبر 9 کے باشندہ سریش منڈل کا صاحبزادہ ہیں، متھلیش کمار سی ایس پی سینٹر چلاتا ہے، جب وہ بینک سے روپے نکال کر اپنے گھر کی طرف بڑھا تو گھات لگائے بدمعاش روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔ جب یہ واقعہ پیش آیا اس وقت لاک ڈاؤن کی وجہ سے آس پاس سناٹا تھا، گولی کی آواز سن کر گاؤں والے باہر نکلے۔