اندور میں گذشتہ دنوں آزاد نگر علاقے میں راجندر نامی شخص کا بہیمانہ طریقہ سے قتل کردیا گیا تھا جبکہ کاناڑیا علاقے کے پراپرٹی ڈیلر شبہم کے یہاں سے 15 لاکھ روپے کی چوری سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی تھی۔
پے درپے دو جرائم کی واردات سے مسلسل پولیس انتظامیہ پر سوالات کیے جارہے تھے۔
پولیس نے اپنی مستعدی دکھاتے ہوئے چند گھنٹوں میں ہی دونوں واردات میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے معاملے کو حل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اندور ڈی آئی جی روچی وردھن مشرا نے کہا کہ اندور پولیس نے قتل کے واردات میں ملوث تینوں ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق راجندر نے ملزم جیون کو معمولی بات پر طمانچہ مارا تھا، جس کا انتقام لینے کے لیے جیون نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ رجندر کے اوپر حملہ کردیا اس کے ساتھ کئی دیگر لوگوں کو بھی زخمی کردیا۔راجندر کو نازک حالت میں ہسپتال میں داخل کریا گیا جہاں اس کی موت ہوگئی۔
اس سلسلے میں پولیس نے جیون عرف اجے، سنجے عرف بھورا اور شبہم ولد مان سنگھ ہریجن کو گرفتار کیا ہے۔
اسی طرح پولیس نے چوری کے واردات میں ملزم شری پال اور اس کے معاون ہرش عرف انوپ کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس کے مطابق کاناڑیا علاقے کے پراپرٹی ڈیلر شبہم ولد دلیپ برجاتیا کے گھر سے 15 لاکھ روپے کی چوری ہوگئی تھی، جس پر متاثرہ شخص نے پولیس میں شکایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں اس واردات میں اس کے گھر پر کام کرنے والے ملازم پر شک ہے، جس پر پولیس نے ملزم شری پال سے تفتیش کی تو اس نے چوری کا جرم قبول کرلیا ، جبکہ پولیس نےملزمین سے 13 لاکھ 10 ہزار روپے برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
اندور پولیس نے دونوں وارادت میں ملوث ملزمین کی گرفتاری کے بعد مزید تفتیشی کارروائی کررہی ہے۔