شکاگو، امریکہ: امریکن خاتون رکن پارلیمنٹ میری نیومن نے کووڈ۔19 بحران کے دوران شکاگو میں مسلم ہیلت کیئر پروفیشنلس کی غیر معمولی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ شکاگو مسلم میڈیکل الائنس(سی ایم ایم اے) اور کونسل آف اسلامک آرگنائزیشن آف گریٹر شکاگو(سی آئی اوجی سی) کے زیر اہتمام شالیمار بینکویٹ شکاگو میں منعقدہ ایک تہنیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میری نیومن نے ہیلتھ کیئر ہیروز سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے عالمی وباء کے دوران عوام کی طبی نگہداشت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ Chicago Muslim Healthcare
انہوں نے سی ایم ایم اے اور سی آئی او جی سی کی ستائش کی اور کہا کہ ایک کمیونٹی کے طور پر ہم سب ایک ہیں اور ہم کو ایک دوسرے کا خیال رکھنا چاہیے۔ انہوں نے مسلم ہیلت کیئر ورکرس کی بھرپور ستائش کی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ میری نیومن کا تعلق ایلانائس سے ہے۔ وہ اُن امریکی ارکان پارلیمان میں سے ہیں جنہوں نے مسلم رکن پارلیمنٹ الہام عمر کے ساتھ مل کر اسلاموفوبیا کے خلاف مہم چلائی۔
شکاگو مسلم میڈیکل الائنس کے بانی و چیرمین ممتاز ماہر امراض کینسر ڈاکٹر تجمل حسین جن کا تعلق حیدرآباد سے ہے‘ نے کمیونٹی ممبرس اور ڈاکٹرس سے اپیل کی کہ وہ انتہائی فراخ دلی اور دیانتداری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کمیونٹی کا کوئی حصہ متاثر ہوتاہے تو پوری کمیونٹی متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے سماجی کارکنوں، انسانیت نوازوں سے اپیل کی کہ وہ ظاہری صحت سے متعلق مشترکہ پروگرام کریں۔
ممتاز نیورو سرجن ڈاکٹر جواد شاہ جنہوں نے کرسچن مشنری سے مرسی ہاسپٹل حاصل کرکے اسے انسائٹ ہاسپٹل میں تبدیل کیا‘ بتایا کہ ان کے اسپتال میں 25ہزار سے زائد مریضوں کا علاج ہوچکا ہے۔ انہوں نے انسانی بنیادوں پر بے لوث خدمات انجام دینے والے ارکان کی ستائش۔ قبل ازیں مسز ٹونی پریک ونکل جنہوں نے کوک کاؤنٹی کے صدر کی حیثیت سے کووڈ کے دوران غیر معمولی خدمات انجام دیں۔
شکاگو مسلم میڈیکل الائنس اور دیگر ہیلتھ کیئر پروفیشنلس کا کوک کاؤنٹی پروفیشنل کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔ سی ایم ایم اے کے معاون بانی ڈاکٹر شکیب نے کہا کہ ان کی تنظیم کئی ہیلتھ کیئر تنظیموں کے اشتراک سے عوام کی طبی نگہداشت کررہی ہے۔ پولیس ڈپارٹمنٹ اور نوجوانوں کی مدد سے غریب اور بے گھر افراد میں غذائی اشیاء تقسیم کررہی ہے۔ مارچ میں افریقی امریکی طلبہ کو اسکالرشپ کے ذریعہ تعلیمی اسکالر شپ فراہم کی گئی۔
انہوں نے دنیا کے کسی بھی حصہ میں اقلیتوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی مذمت کی۔ ڈاکٹر بشیر قاضی، ڈاکٹر عمران شیخ، ڈاکٹر محمد شہزاد، ڈاکٹر لال ملانی، ڈاکٹر دانش، ڈاکٹر ظہیر، ڈاکٹر بالا کو تہنیت پیش کی گئی۔ اس موقع پر مختلف ممالک کے شہریوں نے بھی شرکت کی۔ دارالسلام اسلامک سنٹر کے بانی ڈاکٹر مصباح الدین، انڈین امریکن کونسل، انڈین مسلم ریلیف اینڈ چیاریٹیز مقصود قادری، وائس پریسیڈنٹ ہنمی بینک اشفاق سید، منیجنگ ڈائرکٹر نیورایل ڈسٹری بوٹرس اقبال بیگ بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر عبداللہ اٹارنی نے شکریہ ادا کیا۔ شیخ محمد امین کی دعاء پر اس تقریب کا اختتام ہوا۔ جس کے بعد افطار اور عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔
یو این آئی