واشنگٹن: امریکی میڈیا نے کہا ہے کہ یوکرین کے فوجی پیٹریاٹ میزائل کی تربیت کے لیے امریکہ روانہ ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ نے یوکرینی فوجیوں کو اپنے اڈوں پر فوجی تربیت دینے کا اعلان کیا ہے، پینٹاگون نے منگل کو کہا کہ یوکرین کے فوجی اگلے ہفتے سے امریکہ میں پیٹریاٹ میزائل سسٹم کی تربیت شروع کرنے والے ہیں۔ اس سے چند ہفتے قبل امریکہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ یوکرین کو ایک پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس بیٹری اور اس سے منسلک جنگی سازوسامان بھیجے گا، اب پینٹاگون کے ایک اہل کار نے میڈیا کو بتایا کہ یوکرین کے فوجی پیٹریاٹ سسٹم کی تربیت کے لیے امریکہ آئیں گے تاکہ وہ یوکرین میں اسے استعمال کرنے کے لیے تیار ہوں۔
سی این این کے مطابق یوکرینی فوجیوں کو دفاعی نظام کی تربیت ریاست اوکلاہوما کے فضائی اڈے فورٹ سِل پر دی جائے گی، پینٹاگون کے پریس سیکریٹری ایئر فورس بریگیڈیئر جنرل پیٹ رائڈر کے مطابق یہ تربیت تقریباً 90 سے 100 یوکرینی فوجیوں کو دفاعی نظام کو چلانے اور اسے برقرار رکھنے کے لیے تیار کرے گی، اور توقع ہے کہ یہ تربیتی کورس کئی ماہ تک جاری رہے۔رائڈر نے کہا کہ گزشتہ چند مہینوں میں، روسیوں نے یوکرین پر اپنی فضائی بمباری میں اضافہ کیا ہے، اور پیٹریاٹ یوکرینیوں کو ان حملوں کا مقابلہ کرنے میں مدد کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: Zelenskyy in Washington زیلنسکی کی جو بائیڈن سے ملاقات، یوکرین کے لیے مسلسل امریکی حمایت قابل تعریف
تاہم سی این این کا کہنا ہے کہ روس یوکرین جنگ کے دوران امریکا نے یوکرینی فوجیوں کو یورپ میں تربیت دی ہے، لیکن امریکی سرزمین پر تربیت دینے کا فیصلہ ماسکو کے ساتھ کشیدگی میں مزید اضافہ کر سکتا ہے، کیوں کہ روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے مغربی ممالک کو جنگ میں مزید ملوث ہونے کے خلاف مسلسل خبردار کیا ہے۔ (یو این آئی)