ترک وزیر داخلہ کے مطابق، شام کی سرحد کے قریب ترک ضلع کارکمیس میں راکٹ گرنے کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ترک وزیر نے کہا کہ پیر کو مبینہ طور پر پانچ راکٹ فائر کیے گئے، جن میں سے ایک اسکول کو بھی نشانہ بنایا گیا، اس حملے میں چھ افراد زخمی بھی ہوئے، جن میں سے دو کی حالت نازک ہے۔ Rocket Strikes on Turkey Border
ترکیہ کی انادولو ایجنسی کے مطابق، راکٹوں نے دو رہائشی مکانات کے ساتھ ساتھ سرحدی کراسنگ کے قریب ایک ٹرک کو بھی نشانہ بنایا جو کارکمیس کو شام کے شہر جرابلس سے جوڑتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Istanbul Blast استنبول دھماکے کے سترہ ملزمین کے خلاف فرد جرم عائد
کرد عسکریت پسندوں کے جانب سے شمالی شام سے راکٹ فائر کرنے کا شبہ تھا، کیونکہ ترک فضائیہ نے اتوار کے روز شام میں کرد پیپلز پروٹیکشن یونٹس، یا YPG کے زیر قبضہ ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے تھے۔ ترک فضائی حملوں نے شمالی عراق میں کردستان ورکرز پارٹی PKK کے ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا تھا۔
واضح رہے کہ ترکیہ 13 نومبر کو استنبول میں ہونے والے بم دھماکے کے پیچھے PKK پر الزام عائد کرتا رہا ہے جس حملے میں چھ افراد ہلاک ہوئے تھے، اور YPG کو شام میں PKK کا الحاق سمجھتا ہے۔ تاہم پی کے کے نے استنبول حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔